ایران کے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

ایران کے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

لاکھوں سوگواروں اور مختلف ممالک کے وفود شریک ‘شہید علی خامنہ ای کو 9 جولائی کو سپرد خاک کیا جائے گا

تہران/ایجنسیز //شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے 4 افراد کی نمازِ جنازہ تہران میں ادا کر دی گئی۔ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللّٰہ جعفر سبحانی نے شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ پڑھائی۔آیت اللّٰہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر باقر قالیباف اور دیگر شریک ہوئے۔ایران کے شہید سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ میں 100 ملکوں کے وفود سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی۔جنازہ گاہ اور تہران کی سڑکوں پر سیاہ لباس پہنے، انتقام اور انصاف کے حصول کی علامت سرخ پرچم لہراتے سوگواروں نے شہید رہبر کو الوداع کیا۔ کل صبح جنازے کا جلوس تہران سے قم جائے گا اور تدفین سے پہلے آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی میت کو عراق کے شہر نجف اور کربلا بھی لے جایا جائے گا۔ آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو9؍جولائی کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے 28 فروری کو مشترکہ حملے میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کے سبب 8 مارچ کو یعنی تقریباً 1 ہفتہ ہی میں نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا تھا تاہم سیکوریٹی اور دیگر وجوہات کی بناء پرشہید سپریم لیڈر کی فوری تدفین نہیں کی گئی تھی۔واضح رہے کہ نمازِ جنازہ تین مرحلوں میں ادا کی جائے گی جس کے بعد پھر اہلِ خانہ اور آخر میں ان کے پوتے کی نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی۔8 جولائی کو جنازہ نجف سے کربلا لے کر جایا جائے گا جبکہ شہید علی خامنہ ای کو 9 جولائی کو سپرد خاک کیا جائے گا۔ دوسری طرف امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کے جنازے پر ایرانیوں کو روتا دیکھ کر حیرت ہوئی۔امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں سمجھتا تھا کہ لوگ ان سے نفرت کرتے ہیں یا یہ بناوٹی آنسو بھی ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ چاہے تو اس موقع پر جمع تمام ایرانی قیادت کو ایک ہی وار میں ختم کر سکتے ہیں لیکن ایسا اس لیے نہیں کریں گے کہ مذاکرات کے لیے کوئی نہیں بچے گا۔ امریکہ کی 250ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی عوام کسی کو اپنی آزادی چھیننے نہیں دیں گے۔ امریکی دنیا کے سب سے بہادر اور بہترین لوگ ہیں۔امریکی صدر نے کہا ہے کہ امریکہ میں سب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور امریکہ دنیا بھر میں اْمید کی کرن ہے۔ ہم امریکہ کو کبھی ناکام نہیں ہونے دیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ مجھے تیسری مدت کا کہنا چاہیے لیکن نہیں کہوں گا کیونکہ تنازعہ نہیں چاہتا۔ ہم نے اپنے دور میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ وینزویلا کو دیکھیں، ایران کو دیکھیں، ہم نے اسے تباہ کر دیا۔ امریکہ کے پاس دنیا کی سب سے مضبوط فوج ہے۔