بعددوپرتاشام کہیں کہیں بارش،ژالہ باری اورتیز ہوائیں:محکمہ موسمیات
سری نگر//اتوار کے روز بعددوپہر شمالی اورجنوبی کشمیرمیں بارش،ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کے بعد پیر کے روز پوری کشمیر وادی میں موسم خشک اورخوشگوار رہا،جس دوران دن بھر دھوپ کھلتی رہی اور درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق اتوار کو دوپہرکے بعد شمالی اورجنوبی کشمیر کے کئی علاقوںمیں گرج چمک کیساتھ کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش ہوئی جبکہ اس دوران کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی اورتیز ہوائیں بھی چلیں ۔تاہم پیرکی صبح سری نگرسمیت پوری کشمیر وادی میں موسم خشک رہا۔دن بھر سورج پورے آب وتاب کیساتھ چمکتا اورکرنیں بکھیرتا رہا۔کھلتی دھوپ کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات سری نگرکے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے سہ پہرایک ٹویٹ میں کہاکہ شوپیان،کولگام،قاضی گنڈ تا بانہال،پہلگام اورپونچھ میں آسمان پر بادلوں کاجمائو بڑھ رہا ،اوراگلے ایک سے دو گھنٹے کے دوران ان سبھی اضلاع میںگرج چمک کیساتھ تیز بارشوں،تیز ہوائوں اورژالہ باری کاامکان ہے ۔اسے پہلے ڈپٹی ڈائریکٹر موصوف نے پیرکی صبح ساڑھے11بجے ایک ٹویٹ میں جانکاری فراہم کی کہ آج مطلع بنیادی طور پرصاف رہے گا،تاہم بعددوپہراور شام سے گرج چمک کے ساتھ بارش اورژالہ باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔انہوںنے مزید کہاکہ 16مئی کومطلع جزوی طور پرابرآلودرہنے گاجبکہ17اور18مئی کوبعد دوپہر سیشام تک بکھرے ہوئے مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بار، چند مقامات پرژالہ باری اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات سری نگرکے ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہاکہ19سے23مئی تک مطلع جزوی طور پرابرآلودرہنے کے بیچ دوپہرسے شام تک کچھ مقامات پرہلکی بارش ہوسکتی ہے ،تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگلے ایک ہفتے تک کسی بھاری بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔










