سری نگر//شہر سری نگراورجنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں پیرکی صبح موسلا دار بارشیں ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اگلے24گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود رہنے کیساتھ ساتھ کچھ یاکئی مقامات پر ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش ہونے کاامکان ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق اتوار کو کھلتی دھوپ کے بعد پیر کوعلیٰ الصبح نماز فجر کے وقت سری نگرشہر اورترال سمیت جنوبی کشمیر کے کئی علاقوںمیں تیز بارشوں کاسلسلہ شروع ہوا،جو علاقہ وار مرحلہ وار بنیادوں پر تین سے چار گھنٹے تک جاری رہا۔تیز ،متواتر اورموسلا دار بارشیں ہونے سے شہر سری نگراورجنوبی کشمیر کے کئی علاقوںمیں سڑکیں ،گلیاں ،چوراہے اوربازار زیرآب آگئے ،جس وجہ سے لوگوںکوپیدل چلنے میں دشواریوںکاسامنا کرنا پڑا جبکہ سڑکیں زیر آب ہونے کے بیچ تیز رفتاری سے چلنے والی گاڑیوں نے راہگیروں کوبھگو دیا۔گاڑیاں تیز چلنے سے سڑکوں سے اُٹھنے والے چھینٹوںکی وجہ سے راہگیروںکے کپڑے گیلے اورگندے ہوگئے ۔پیرکی صبح تقریباً8بجے بارشوں کاسلسلہ تھم جانے کے آسمان یکایک صاف ہوگیا ،اورپھر دھوپ نکل آئی ،بارشوں کے بعدتیز دھوپ نکلنے سے رطوبت بڑھ گئی اورلوگوںنے حبس محسوس کی ۔بعدازاں سری نگر شہر سمیت کئی علاقوںمیں دھوپ چھائوںکاکھیل پورے دن جاری رہا۔اُدھر شمالی اورجنوبی کشمیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وہاں کچھ مقامات پر بونداباندی اورکچھ مقامات پرتیز بارش ہوئی تاہم پورے دن بیشتر وقت دھوپ چھائوں کاکھیل جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اگلے24گھنٹوں کے دوران مطلع ابروآلود رہنے کیساتھ ساتھ کچھ یاکئی مقامات پر ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش ہونے کاامکان ہے ۔محکمہ ھٰذا نے ایک بیان میں کہاکہ جموں وکشمیرمیں اگلے24گھنٹوںکے دوران مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ اس دوران کچھ مخصوص مقامات پر ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش ہوسکتی ہے۔










