اگر مرکزی سرکار جماعت اسلامی سے پابندی ہٹائے گی

سماجی اصلاحات اور منشیات کا خاتمہ جاعت کا انتخابی منشور ہوگا، جماعت نے کبھی بائیکاٹ کی کال نہیں دی ۔ پینل سربراہ

سرینگر //وادی میں ایک اہم سیاسی پیش رفت میں کالعدم جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ اگر مرکزی سرکار اس تنظیم سے پابندی ہٹائے گی تو وہ اسمبلی انتخابات میں شرکت کرنے کیلئے تیار ہے ۔ جماعت نے کہا ہے کہ ستمبر میں ممکنہ اسمبلی انتخابات میں ان کا انتخابی منشور منشیات کی بدعت کا خاتمہ اور سماجی اصلاحات ہوں گی ۔ جماعت اسلامی پینل کے سربراہ نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں اس بات کا کو دوہرایا کہ جماعت اسلامی نے کبھی بھی وادی میں الیکشن بائیکاٹ کی کال نہیں دی تھی ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں سے ممنوعہ قراردیئے جانے کے بعد پہلی بار جماعت اسلامی نے براہ راست میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات میں شرکت کیلئے تیار ہے بشرطیکہ مرکزی سرکار جماعت اسلامی سے پابندی ہٹائے ۔ جماعت اسلامی کے پینل کے سربراہ نے بدھ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی جمہوری طرزعمل کی حامی رہی ہے اور اس نے کسی بھی الیکشن کو بائیکاٹ کرنے کی کبھی کال نہیں دی ہے ۔یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جماعت پینل کے سربراہ غلام قادر وانی، گسو، پلوامہ نے کہا کہ جماعت کے اراکین نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں اپنی رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے بڑی تعداد میں الیکشن مراکز میں ووٹ ڈالے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وانی نے کہاکہ ہم اس سال ستمبر میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات میں الیکشن لڑنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت ہمیشہ جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے۔ وانی نے کہاکہ اگر مرکز ہم پر پابندی ہٹاتا ہے تو ہم اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔ اور بھی مسائل ہیں لیکن انتخابی میدان میں شامل ہونے کے لیے پابندی کی منسوخی پہلی شرط ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور بڑھتی ہوئی لافانییت کے علاوہ سماجی اور مذہبی اصلاحات جماعت اسلامی کا انتخابی نشان ہوں گی۔وانی نے کہا کہ جے آئی کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اور انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی اپنا موقف تبدیل نہیں کیا کیونکہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ اس سوال کے جواب میں کہ جماعت اسلامی کے ارکان نے ماضی میں انتخابات کا بائیکاٹ کیوں کیا انہوں نے کہا کہ جب کسی نے ووٹ نہیں دیا تو جماعت اسلامی نے اس کی پیروی کی اورایک دباؤبھی تھا۔