آبائی علاقوں میں پہنچانے کیلئے حکومت ہند کی جانب سے خصوصی ریل گاڑی کا انتظام
سرینگر // جموں کے اکھنور میںپیش آئے المناک سڑک حادثے میں مرنے والے یاتریوں کی نعشیں آبائی علاقوں کو پہنچنے کیلئے حکومت ہند نے ایک خصوصی ریل گاڑی کا انتظام کیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کے اکھنور کالی دھر علاقے کے قریب تنگی موڑ میں ایک المناک بس حادثے میں ہلاک ہونے والے 22 افراد کی نعشیں آبائی علاقوں تک پہنچانے کیلئے حکومت ہند نے انتظامات کئے ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ نعشوں کو اس مقصد کیلئے ترتیب دی گئی کہ خصوصی ٹرین کے ذریعے ان کے آبائی مقامات کو روانہ کی جائیں گی۔جموں کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انوسویا جموال نے کہا’’تمام 22 ہلاک شدگان کی لاشوں کو اتر پردیش کے ہاتھرس لے جانے کیلئے ایک خصوصی ٹرین کا انتظام کیا گیا ہے‘‘۔پوسٹ مارٹم کے معائنے اور قانونی طریقہ کار کی تکمیل کے بعد لاشوں کو لے جانے کیلئے تیار کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب 91 مسافروں کو لیکر سلیپر کلاس بس تنگی موڑ کے مقام پر 200 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ اس حادثے میں 22 افراد ہلاک اور 69 زخمی ہوئے۔ مسافروں میں 31 مرد، 37 خواتین اور 23 بچے تھے۔ زخمیوں میں 29 خواتین، 23 مرد اور 17 بچے تھے۔ڈاکٹر گپتا نے بتایا کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہے اور وہ جی ایم سی کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک کسی بھی زخمی کو ڈسچارج نہیں کیا گیا ہے۔










