8سے12جنوری کے دوران مطلع ابرآلود:سونم لوٹس
سری نگر// محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیرمیں بنیادی طور پر6 جنوری تک موسم صاف رہنے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے جمعرات کوکہاکہ8سے12جنوری کے دوران مطلع ابرآلودرہنے کے بیچ جموںکے میدانی علاقوں میں ہلکی تادرمیانہ درجے کی بارش اور کشمیر میں ہلکی سے اعتدال پسند برف باری ہوسکتی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق ہندوستانی محکمہ موسمیات کے سری نگرمیں قائم علاقائی مرکزکے ڈائریکٹر اورمشہور ماہر موسمیات سونم لوٹس نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ جموں وکشمیرمیں بنیادی طور پر6 جنوری تک موسم صاف رہنے کی توقع ہے تاہم انہوںنے کہاکہ 7جنوری کومطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ اونچی جگہوں پر الگ تھلگ مقامات پر برف باری کا امکان ہے۔انہوںنے مزید کہاکہجموں و کشمیر اور لداخ میں 8 سے 12 تاریخ کے دوران جموں کے میدانی علاقوں اورکشمیر میں وقفے وقفے سے ہلکی سے اعتدال پسند بارش اوربرفباری کے امکان کے ساتھ موسم ابر آلود رہے گا۔مشہور ماہر موسمیات سونم لوٹس نے واضح کیاکہ اس دوران بڑے پیمانے پر برف باری ہونے کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔۔موسمیاتی ماہرین نے کہاکہ موسم خشک رہنے تک دن کے درجہ حرارت میں بہتری اور راتوں کے درجہ حرارت میں مزید کمی آنے کاامکان ہے۔










