نئی دہلی/یو این آئی //نجی فضائی کمپنی انڈیگو نے جمعرات کے روز اپنی نئی سروس ’’کیبس وِد انڈیگو‘‘ کے آغاز کا اعلان کیا، جس کے ذریعے مسافروں کو ایئرپورٹ تک پہنچنے اور وہاں سے اپنی اگلی منزل تک سفر کے لیے آسان، محفوظ اور قابلِ اعتماد ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ خصوصی ایئرپورٹ ٹرانسفر سروس ملک کے تمام اُن شہروں میں دستیاب ہوگی جہاں انڈیگو کی پروازیں چلتی ہیں۔ اس سروس کو انڈیگو کے لائلٹی پروگرام ”انڈیگو بلوچِپ” کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے ، جس کے تحت صارفین ہر 100 روپے خرچ کرنے پر پانچ بلوچِپ پوائنٹس حاصل کر سکیں گے ۔ اس اقدام سے مسافروں کو مزید انعامات اور تیزی سے پوائنٹس جمع کرنے کا موقع ملے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیگو اپنے صارفین کو سفر کے آغاز سے اختتام تک ایک جامع اور سہل سفری تجربہ فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے ۔










