fish

اننت ناگ ہیچری میں ہزاروں ٹراؤٹ مچھلی مردہ پائی گئی

زہر کھلانے کا شبہ کیا ظاہر ،تحقیقات اور متاثرہ خاندان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ

سرینگر//: اننت ناگ کے پہلگام کے کرشنگام اشمکم علاقے میں ایک ٹراؤٹ ہیچری کو اتوار کی صبح پانچ ہزار مچھلیاں مردہ پائے جانے کے بعد بڑے پیمانے پر نقصان سے سراسمیگی پھیل گئی ۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہیچری میں مچھلیوں کے مردہ ہونے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مبینہ طور پر نامعلوم افراد کی طرف سے زہر دینے کی وجہ بتائی جارہی ہے۔ ہیچری کے مالک عبدالرحیم وانی نے نیوز ایجنسیوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس واردات سے ان کی روزی روٹی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے، پانچ ہزار مچھلیاں مر چکی ہیں۔عبدالرحیم نے کہاہے کہ یہ میری آمدنی کا واحد ذریعہ تھا اور سب کچھ برباد ہو چکا ہے۔ کچھ بھی نہیں بچا۔اس ضمن میں مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے معاملے کی فوری تحقیقات اور متاثرہ خاندان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیاہے تاکہ متاثرہ خاندان اپنے ٹانگوں پر پھر سے کھڑا ہوسکے اور اس ظالمانہ حرکت میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے بلکہ ان کو قرار واقعی سزادی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کی حرکت کرنے کی جرات نہ کرسکے گا ۔