اننت ناگ میں عید میلاد النبی ؐ کے اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا اور اسے حتمی شکل دی گئی

اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ایس ایف حامد نے ضلع میں عید میلاد النبی ؐکو خوش اَسلوبی سے منانے کے اِنتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے اَفسروں کی ایک میٹنگ منعقد کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ ضلع بھر میں ایام میلاد کے دوران خرم درگاہ شریف کعبہ مرگ ، ریش مول ، عشمقام ، سیر ہمدان او ردیگر زیارت گاہوں ، مساجد اور آنے والے عقیدت مندوں کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کریں۔اُنہوں نے بجلی ، ٹرانسپورٹ مینجمنٹ ، میڈیکیئر ، پانی ، صفائی سہولیات ، خوراک ، سیکورٹی وغیرہ کے بلا تعطل اِنتظامات کو یقینی بنانے کے لئے لائن محکموں کے درمیان قریبی تال میل او رہم آہنگی پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بازاروں میں مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو برقرار رکھنے کے لئے اَپنے اَپنے دائرہ اِختیار میں تحصیل داروں کی سربراہی میں مارکیٹ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں اے ڈی سی ، ایس ڈی ایم اے سی آر ، سی ایم او ، ایس اِی ہائیڈرولک ، اے آر ٹی او، سی آے ایچ او ، اے ڈی فوڈ ، ڈی ایس ایچ او ، تحصیل دار ، اِی او ایم سی ، ایگزیکٹیو اِنجینئران پی ڈی ڈی اور پی ایچ اِی ، اے ڈی فشریز اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔