انجمن شعروادب جموں وکشمیر کے زیر اہتمام

کریری بارہمولہ میں کثیر لالسان محفل مشاعرہ کا انعقاد

سرینگر//” انجمنِ شعر و ادب جموں و کشمیر” کی جانب سے ایک عظیم الشان کثیر السان ریاستی سطح کا مشاعرہ منعقد کیا گیا جس میں جموں کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے شعرائے کرام نے شرکت کی۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق مشاعرہ کی صدارت معروف ادیب ،کہنہ مشق شاعر تنہا نظامی نے فرمائی جبکہ شاد دردپوری، ساگر نذیر اور یوسف صمیم نے بالتریب مہمانِ ذی وقار، مہمانِ خصوصی اور مہمانِ ذی عزت کی حیثیت سے شرکت کی۔ انجمن کے صدر جناب اشہر اشرف نے اپنے منفرد انداز میں تمام شعرائے کرام کا پرتپاک استقبال کیا۔ یاد رہے! نظامت کے فرائض الطاف نظامی نے احسن انداز میں نبھاتے ہوئے سامعین کو ابتدا سے لیکر انتہا تک باندھے رکھا۔ اس ایک روزہ ادبی میں ادباء اور شعراء نے اپنی تخلیقات کو سامنے رکھا ۔ مشاعرہ میں اردو، کشمیری، عربی ،پہاڈی اور گوجری زبانوں میں منفرد کلام پیش کئے گئے۔ مشاعرہ میں جن شعراء نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا ان میں تن، شاد درد پوری، ساگر نذیر، یوسف صمیم ،ڈاکٹر ہلال مخدومی، محمداکرم ،شفیع شاداب، مبارک لون ، الطاف نظامی، میر غلام نبی میر، حاشر افناب، عمر عالم ،سید عرفان نبی، محمد عاصف اور اشہر اشرف قابل ذکر ہیں۔ میزبانی کے فرائض شفیع شاداب، اور اشہر اشرف نے خوش اسلوبی و خندہ پیشانی سے انجام دئے۔ آخر پر صدر مشاعرہ تنہا نظامی نے انجمن شعر و ادب کے صدر اشہر اشرف کی انفرادی و اجتمائی محنت اور کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں ایسی کامیاب ادبی و علمی نشستوں کے انعقاد پر مبارکباد پیش کیا اور دیگر شعرائے کرام کو داد دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ شاد درد پوری ، ساگر نذیر اور یوسف صمیم صاحب نے بھی اشہر اشرف کو کامیاب مشاعرہ کے لئے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس نوعیت کی محفلوں کے انعقاد کو زبان و ادب کی خدمت سے تعبیر کیا۔ آخر پر اشہر اشرف نے تمام شرکائے محفل، اور میڈیا پرسنل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسی ادبی محفلوں کو بلا کسی امتیاز و گروہ بندی کے آئندہ بھی جاری و ساری رکھنے کا عظم دہرایا۔