Union Home Minister, Shri Amit Shah in Jammu during the 2nd day of his visit to J&K

امیت شاہ نےجموں میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا اِفتتاح اور سنگ بنیاد رکھا

سر ی نگر//مرکزی وزیربرائے داخلہ اور کوآپریشن شری امت شاہ نے جموںوکشمیر کے دورے کے دوسرے دِن جموںمیں اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی ( آئی آئی ٹی ) کے نئے کیمپس کا اِفتتاح کیا۔ آئی آئی ٹی جموں کا نیا کیمپس 210کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔طلاب کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھے ہوسٹل ، ایک جمنازیم اور اِنڈور گیمز جیسی تمام سہولیات فراہم کرتا ہے ۔ شری امیت شاہ نے جموںوکشمیر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اِفتتاح اور سنگ بنیاد رکھا ۔اِس موقعہ پر جموںوکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا ، مرکزی وزیر برائے تعلیم شری دھر میندر پردھان اور وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے اَپنے خطاب میں کہا کہ آج پریم ناتھ ڈوگراہ کا یوم پیدائش ہے اور نہ صرف جموںبلکہ ہندوستان کے لوگ پریم ناتھ ڈوگرہ کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ یہ وہ عظیم شخصیت تھی جس نے پرجا پریشد قائم کرتے ہوئے شیاماپر ساد مکھر جی کے ساتھ مل کر’’ ایک دیش میں دو نشان ، دو وِدھان اور دو پردھان نہیں چلیں گے‘‘ کا نعرہ دیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموں کے باشندوں کے ساتھ نااِنصافی کا دور ختم ہوچکا ہے اور اَب کوئی بھی ان کے ساتھ نااِنصافی نہیں کرسکتا ۔ آپ نے برسوں سے نااِنصافی کا سامنا کیا لیکن اَب جموںوکشمیر مل کر ترقی کریں گے اور دونوں ہندوستان کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ اُنہوں نے کہاکہ آج یہاں سے ترقی کا جو دور شروع ہو رہا ہے اِس میں خلل ڈالنے والے عناصر پریشان ہو رہے ہیں ۔ لیکن میں آپ کو یقین دِلاتا ہوں کہ جموںوکشمیر کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکے گا۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ 5؍ اگست 2019ء کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک تاریخی فیصلہ لیا،آرٹیکل 370اور35اے کو ختم کیا جو کئی برسوں سے فافذ تھا اور جموںوکشمیر کے لاکھوں شہریوں کو ان کے حقوق ملے ۔ پہلے لوگوں کو زمین خریدنے کا حق نہیں تھا ، مائیگرنٹ کو حقوق نہیں تھے، لوگوں کو رزیزرویشن نہیں ملتی تھی۔لیکن ، اَب کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے کیوں ہندوستانی آئین کے تحت تمام حقوق ہر ایک کو دستیاب ہیں ۔خواتین کو بھی ان کے حقوق دئیے گئے ۔ مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے کم ز کم اجرت ایکٹ نافذ کیا گیا، صفائی کرمچاری ایکٹ عملایا گیا،قبائلیوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کاحق دیا گیا ۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہاکہ آج متعدد سکیموں کا اِفتتاح کیا گیا ہے ۔ ایک وقت تھا جب جموںوکشمیر میں صرف چار میڈیکل کالج تھے اور آج جموںوکشمیر میں سات نئے میڈیکل کالج بنے ہیں جن میں سے پانچ شروع ہوچکے ہیں۔پہلے 500 میڈیکل نشستیں تھیں ،اب 2,000 طلاب ایم بی بی ایس کی ڈگر ی حاصل کرتے ہیںاور کسی کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔میں نے آج یہاں جس کا اِفتتاح کیا ہے اس جیسا جید آئی آئی ٹی کیمپس نہیں دیکھا ۔ اِس بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس طرح آئی آئی ٹیز ، آئی آئی ایمز اور اے آئی آئی ایم ایس نئے قسم کے کورسز بنا کر ایک دوسرے کی تکمیل کریں گے ۔ وہاں سیٹلائٹ کیمپس کھول کر جموں وکشمیر کے بچوں کی تربیت پر بھی بات چیت کی گئی تاکہ جموںوکشمیر کے مزید بچوں کو آئی آئی ٹی میں داخل کیا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ اگر 45,000 نوجوان جموں و کشمیر کے غریبوں کی خدمت میں مصروف ہیں تو دہشت گرد کچھ بھی نقصان نہیں پہنچا سکتے اور یہ نوجوان کسی بھی وقت میں جموں و کشمیر کو بدل دیں گے۔ اس کے علاوہ سروس سلیکشن بورڈ کی جانب سے 25 ہزار سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں جن میں سے 7000 افراد کو آج تقرری نامے دیئے گئے ہیں۔شری امیت شاہ نے کہا کہ سرمایہ کاری سے پانچ لاکھ نئی نوکریاں پیدا کرنے میں مدد ملے گی ۔ اَب ایک کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے لئے زمین الاٹ کی جاچکی ہے ۔جناب امیت شاہ نے کہا کہ سرمایہ کاری سے 5 لاکھ نئی نوکریاں پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ اب تک جموں میں7,000 کروڑ روپے اور کشمیر میں 5,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے لئے زمین الاٹ کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شری نریندر مودی نے 55,000 کروڑ روپے کا پیکیج دیا تھا۔ وزیر اعظم بنتے ہی جن میں سے 35,000 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں اور 21 سکیمیں مکمل ہوچکی ہیں ، اور آپ پوچھتے ہیں کہ ہم نے یہاں کے لوگوں کے لئے کیا کیا؟مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج کچھ لوگ سیکورٹی پر سوال اُٹھاتے ہیں ، میں ان کو کچھ اعداد شمار دینا چاہتا ہوں ۔2004-2014 ء کے درمیان 2,081شہری اَز جان ہوئے ، ہربرس 208 شہری۔2014 ء سے ستمبر 2021 ء تک بدقسمتی سے 239 شہری اَپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جو کہ 208 کے بجائے 30سالانہ ہے۔ شری امیت شاہ نے کہ اہ ہم ایسی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں جہاں ایک بھی شخص ہلا ک نہ ہو اور دہشت گردی مکمل طور پر ختم ہو۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہلی سے کٹرہ کے راستے امرتسر تک چھ لین والے ایکسپریس وے پر کام جاری ہے۔ آزادی کے بعد پہلی بار جموں میں سیاحت پر توجہ دی گئی ہے اور مذہبی سیاحتی سرکٹس تیار کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف اس برس مارچ میں بیرون ملک سے تقریباً 62,000 مسافر جموں خطے میں آئے جو کہ آج تک کا ریکارڈ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پہلے جموں کے لوگوں کو اپنے بچوں کو میٹرو ریلوے دکھانے کے لئے دہلی جانا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دو سال بعد انہیں میٹرو میں سفر کرنے کے لئے اپنے بچوں کو دہلی نہیں لے جانا پڑے گا ، کیونکہ میٹرو خود جموں آئے گی۔ جموں اور سری نگر میں میٹرو شروع ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے ہوائی اڈے کے لئے زمین کا ایک بڑا ٹکڑا الاٹ کیا گیا ہے اور ہوائی اڈے کو ایک700 کروڑ روپے سے تیار کیا جائے گا۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کے دیہاتوں کو بجلی فراہم کرنے کے لئے4 سالوں میں ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹوں پر 35,000 کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔مرکزی وزیر داخلہ اورکوآپریشن نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پردھان منتری آیوشمان بھارت یوجنا شروع کیا ہے جس کے تحت مرکزی حکومت نے ملک کے 60 کروڑ غریبوں کی صحت کے تمام اخراجات 5 لاکھ روپے تک برداشت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ملک کی واحد ریاست ہے جہاں یہ سکیم نہ صرف غریبوں کے لئے ہے بلکہ جموں و کشمیر کے ہر شہری کے لئے ہے۔شری امت شاہ نے کہا کہ تمام گھروںکو رسوئی گیس، بیت الخلا اور بجلی فراہم کی گئی ہے، ساتھ ہی تمام گھرانوں کو روزگار فراہم کرنے کا کام بھی شروع ہو گیا ہے۔ کھادی ولیج انڈسٹریز بورڈ نے تقریبا 5 5 لاکھ خواتین کومگس بانی اور برقی پہیوں سے جوڑا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ہم سب کا خواب تھا کہ شیاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا ہو اور ہم نے اپنی زندگی میں دیکھا کہ انہوں نے کس چیز کے لئے قربانی دی۔ شری نریندر مودی کی وجہ سے ہی ہم اس دن کو دیکھنے میں کامیاب ہوئے اور آج شیاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے لوگ نریندر مودی کے ذریعہ شروع کئے گئے ترقیاتی عمل کے ساتھ چٹان کی طرح ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں شروع ہونے والے ترقی کے دور کو کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ یہ حکومت جموں و کشمیر کے امن کو خراب کرنے والوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔