امرناتھ کے قریب اچانک سیلاب کے بدقسمت واقعہ

جانیں گنوانے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ اور زخمیوں کو 50 ہزار روپےکی منظوری دینے پر منوج سنہا نےوزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 8 جولائی کو شری امر ناتھ جی گپھا کے قریب سیلاب کے بدقسمت واقعے میں جان گنوانے والے تمام افراد کے لواحقین کے حق میں 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کی منظوری کیلئے عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعظم آفس نے واقعے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کے حق میں 50 ہزار روپے فی کس کی بھی منظوری دی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ میں عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے شری امر ناتھ جی گپھا کے قریب سیلاب کے المناک واقعہ میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کیلئے 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کی منظوری دی ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے شدید زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے پر بھی مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ نے پہلے ہی مرنے والوں کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے فی کس تقسیم کئے ہیں ۔