omar abdullah

الیکشن سے دو روز قبل ہی نیشنل کانفرنس ورکروں کو تھانوں سے فون آنا شروع

انتظامیہ پولنگ عمل میں مداخلت سے اجتناب کرے/بڈگام میں عمر عبداللہ کا خطاب

سرینگر // حکومت اور انتظامیہ کو انتخابی عمل میں مداخلت سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ بارہمولہ نشست پر الیکشن سے دو روز قبل ہی ہمارے ورکروں کو پولیس کی طرف سے فون آنا شروع ہوگئے ہیں، جس طرح سے سرینگر میں الیکشن کے دن ہمارے ورکروں کو فون کرکے تھانوں میں بٹھایا گیا اور پولنگ عمل سے دور رہنے دھمکیاں دی گئیں۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس عہدیداروں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے فون بند رکھیں کیونکہ یہ لوگ آپ کو فون کرکے مختلف حربے اپنا کر پولنگ عمل سے دور رکھیں گے۔ سی این آئی کے مطابق ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس نائب صد رعمر عبداللہ نے آج حلقہ انتخاب بیروہ اور بڈگام میں دن بھر جاری رہنے والی انتخابی مہم کے دوران عوامی اجتماعات، روڈ شو، ریلیوں اور ورکرس میٹنگوں کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُن کے ہمراہ سینئر لیڈر آغا سید روح اللہ مہدی، آغا سید محمود، ٹریجرر شمی اوبرائے، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، انچارج کانسچونسی بیروہ ڈاکٹر محمد شفیع اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ہمارے مخالفین کہتے تھے کہ دفعہ370کھوکھلا تھا ، لیکن ہمارا مؤقف یہ ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام کو آج تک جو کچھ بھی ملا اسی دفعہ کی بدولت ملا۔ آج ہمارے نوجوان بے روزگار در بہ در ٹھوکریں کھا رہے ہیں، بجلی اور پینے کے پانی میں بہتری کے بجائے ابتری آرہی ہے، ہماری زمینوں کو خطرہ ہے، جو زمینیں یہاں کے لوگوں کو شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے بلا معاوضہ فراہم کیں تھیں آج اُن زمینوں کو بھی خطرہ لاحق ہوگیاہے۔ عمر عبداللہ نے عوام سے اپیل کی کہ اگر آپ کی زندگی میں 5اگست2019کے بعد بہتری آئی ہے اور موجودہ صورتحال میں سب کچھ ٹھیک ہیں اور آپ خوش ہیں تو آپ کسی کو بھی ووٹ دیجئے، مجھے کوئی گلہ نہیں لیکن اگر آپ کی روز مرہ کی زندگی کوئی بہتری نہیں آئی ہے تو اس کیلئے آپ کو نیشنل کانفرنس کو کامیاب بنانے ضروری ہے۔ ’’اگر یہاں بے روزگاری کم ہوگئی ہے اور آپ کے بچوں کو روزگار ملا ہے، بجلی سپلائی میں بہتری آئی ہے، بجلی کے بلوں میں کمی آئی ہے، پانی کی سپلائی بلا روک ٹوک چل رہی ہے، راشن کی سپلائی میں اضافہ ہوا ہے اور آپ کی سڑکیں بہتر ہوئی ہیں تو آپ بلا شبہ کنول، سیب، بالٹین، قلم دوات اور بلے کو ووٹ دیجئے لیکن اگر سب کچھ اس کا اُلٹا ہو اہے تو آپ کو اپنے ووٹ کے ذریعے نیشنل کانفرنس کو کامیاب بناکر اپنا پیغام صاف صاف الفاظ میں دینا ہوگا۔‘‘ اس لئے میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات اور مستقبل میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی کامیابی یقینی بنا کر ہمیں آپ کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کی جدوجہد کا موقع فراہم کیجئے۔