جموں//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر مسٹر عبدالرحیم راتھر نے نئے قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کا دورہ کیا اور جاری کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے اب تک کئے گئے کاموں کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران متعلقہ افسران نے اسپیکر موصوف کو اس باوقار منصوبے کے مختلف اجزاء کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ حاصل شدہ پیش رفت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اسپیکر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ نیا اسمبلی کمپلیکس ایک باوقار اور اہم ادارہ جاتی منصوبہ ہے جس سے حکومت کے موثر کام کیلئے جدید اور جامع سہولیات فراہم کئے جانے کی توقع ہے ۔ انہوں نے منصوبے کے نفاذ میں مسلسل رفتار برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ تمام اجزاء مقررہ وقت کے اندر مکمل ہو سکیں ۔ اسپیکر موصوف نے متعلقہ افسران اور عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار تیز کریں تا کہ باقی اجزاء کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے ہر مرحلے پر پیش رفت کی قریبی اور مسلسل نگرانی پر زور دیا اور ہدایت دی کہ کام کی رفتار کو متاثر کرنے والی کسی بھی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے ۔ بعد میں جائیزہ اجلاس کے دوران اسپیکر نے خاص طور پر ہدایت دی کہ پورا منصوبہ اکتوبر 2027 کی مقررہ مدت کے اندر مکمل کر لیا جائے اور کہا کہ نئے اسمبلی کمپلیکس کی بروقت تکمیل تمام متعلقہ افراد کی اولین ترجیح رہنی چاہئیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمل آوری ایجنیاں کاموں کے موثر ہم آہنگی اور مسلسل نگرانی کو یقینی بنائیں جس میں معیار ، کاریگری اور منظور شدہ وضاحتوں اور ٹائم لائینز کی پابندی پر خاص زور دیا جائے ۔










