ارنیہ سیکٹر میں5 چوکیوں پر پاکستانی فوج کی فائرنگ

بی ایس ایف اہلکار، 4 عام شہری زخمی،فوری علاج کے لئے ہسپتال منتقل

سری نگر//جموں کے رنیہ سیکٹر میں پاکستانی فوج نے بلا اشتعال ہندوستان کے5چوکیوں پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میںایک بی ایس ایف اہلکار اورچار عام شہری زخمی ہوئے ہیں جن کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق جموںمیں ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ جمعرات کی رات جموں کے ارنیا اور آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے ساتھ پانچ ہندوستانی چوکیوں پر پاکستانی رینجرز نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بارڈر سیکورٹی فورس کا ایک جوان اور چار شہری زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوجیوں کی طرف سے گولی باری رات 8بجے کے قریب ارنیا سیکٹر میں شروع ہوئی، انہوں نے مزید کہا کہ “بلا اشتعال فائرنگ” کا بھرپور جواب دیا گیا۔بی ایس ایف اہلکار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ چار سے پانچ پوسٹیں دونوں طرف سے فائرنگ میں ملوث ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف کا ایک جوان اور چار شہری زخمی ہوئے ہیں۔اہلکار نے بتایا کہ زخمی جوان کو خصوصی علاج کے لیے جموں کے جی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کا تبادلہ وقفے وقفے سے جاری تھا۔ذرائع کے مطابق پاکستان رینجرز نے شہری علاقوں میں مارٹر گولے بھی فائر کیے جس سے سرحدی آبادی میں خوف وہراس پھیل گیا۔انہوں نے بتایا کہ مبینہ طور پر آگ کی زد میں آنے والے کچھ علاقوں میں ارنیا، سوچت گڑھ، سیا، جبووال اور ٹریوا شامل ہیں۔ارنیا اور جبووال میں لوگ بالخصوص مہاجر مزدوروں کو اپنے گھروں سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔سرحدی علاقے کے مختلف دیہاتوں میں کئی خاندانوں نے بنکروں میں پناہ لے رکھی ہے۔جموں و کشمیر اور دیگر شعبوں میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ جنگ بندی کے تمام معاہدوں پر سختی سے عمل کرنے کے لیے 25 فروری 2021 کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد اس طرح کی ایک درجن سے زیادہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں ہو چکی ہیں۔