آرائش و زیبائش کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا
سرینگر//اے پی آئی// وزیر اعلیٰ، وقف چیرپرسن کے ساتھ ملاقی ہونے کے بعد آسٹریلیا کے سفارت کاروں کے وفد نے درگاہ حضرتبل میں حاضری دی ۔ اے پی آئی نیوز کے مطابق آسٹریلیا کا سفارتکار ان دنوں ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جموں وکشمیر کے دورے پر ہے ۔گرمائی دارالخلافہ سرینگر میں اپنے قیام کے دوران آسٹریلیا کے سفارتکار نے جموںوکشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور وقف چیرپرسن درخشاں اندرابی کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں اور مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ نئی دہلی واپس لوٹنے سے پہلے آسٹریلیا کے سفارتکار اور ان کے ساتھ آئے ہوئے وفد نے مدینہ ثانی درگاہ حضرتبل کی زیارت گاہ پر حاضری دی ۔ اس موقعہ پر وقف بورڈ کی چیرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی اور دیگر مقامی عہدیداروںنے ان کا استقبال کیا ۔وفد نے درگاہ میں حال ہی میں مکمل ہونے والی تجدید و آرائش کے کام کا مشاہدہ کیا اور اس کی خوبصورتی سے وہ محسور ہوئے ۔ اس موقعہ پر وفد کے ایک رکن نے بتایا کہ ہم پہلے بھی کشمیر آئے تھے لیکن پہلی بار درگاہ حضرتبل میں حاضری دی ۔ وفد نے کہا کہ یہاں آکر انہیں لگا کہ اگر ہم درگاہ حضرتبل میں حاضری نہیں دیتے تو یہ دورہ ادھورا تصور کیا جاتا ۔انہوںنے کہا کہ وقف بورڈکی جانب سے جو عظمت رفتہ ،شان وشوکت بحال کی گئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔انہوںنے کہا کہ اس طرح کے اقدامات اٹھانے سے جموںوکشمیر میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔










