عوامی پریشانیوں کو کم کرنے اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں/ سکینہ ایتو
سرینگر / این این بی // سرینگر قاضی گنڈ شاہراہ پر سیکورٹی فورسز قافلوں کی نقل و حرکت کے دوران ٹریفک رکاوٹ کے باعث عام لوگوں کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ مسعود ایتو نے لیفٹنٹ گورنر کے دفتر اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ عوامی پریشانیوں کو کم کرنے کیلئے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطاق سرینگر اننت ناگ وقاضی گنڈ شاہرا ہ پر فورسز کانوائی کے دوران عام ٹریفک رکارٹ پر وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ سکینہ ایتو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس معاملے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر سرینگر-اننت ناگ،کولگام،قاضی گنڈ قومی شاہراہ سے سفر کرتی ہیں اور اس دوران یہ دیکھ کر انہیں شدید تکلیف محسوس ہوتی ہے کہ فورسز قافلوں کی نقل و حرکت کے باعث ایمبولینسیں سڑک پر پھنسی رہتی ہیں، طلبہ تعلیمی اداروں میں اپنی کلاسوں سے محروم ہوجاتے ہیں جبکہ عام شہریوں کو بھی طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔سکینہ ایتو نے کہا کہ بعض اوقات مسافروں کو 15 سے 30 منٹ تک انتظار کرنا پڑتا ہے، جبکہ کئی مواقع پر یہ انتظار گھنٹوں تک طول پکڑ جاتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر عام لوگوں کا کیا قصور ہے کہ انہیں روزمرہ سفر کے دوران اس قدر مشکلات برداشت کرنا پڑتی ہیں۔وزیر نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور ان کے دفتر سمیت متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ ایسے قابلِ عمل ٹریفک انتظامات وضع کریں جن کے ذریعے ضروری حفاظتی ضوابط پر بھی مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے اور ساتھ ہی ایمبولینسوں کو بلا رکاوٹ راستہ فراہم کرنے کے علاوہ عام مسافروں کو غیر ضروری انتظار اور پریشانی سے بھی نجات دلائی جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی بلاشبہ اولین ترجیح ہے، تاہم عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی سہولت کو بھی یکساں اہمیت دی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق سکیورٹی اور عوامی ہمدردی ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ چلنی چاہئیں۔سکینہ ایتو نے اس بات پر زور دیا کہ بہتر حکمرانی کا اظہار صرف پالیسیوں اور سرکاری اعلانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کے اثرات عام شہریوں کی روزمرہ زندگی میں بھی نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو عزت، حساسیت اور حقیقی راحت فراہم کرنا انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔










