فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قانون و انتظام ہر قیمت پر برقرار رکھا جانا چاہئیے ۔ سنہا
سرینگر//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے کشمیر ڈویژن میں سیکورٹی کے حالات کا جائیزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنرز ، ایس ایس پیز اور سینئر افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری ، چیف سیکرٹری ڈیزگنیٹ، ڈی جی پی ، ایڈیشنل چیف سیکرتری ہوم ، سپیشل ڈی جی کوارڈینیشن پی ایچ کیو ، اے ڈی جی سی آئی دی ، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، آئی جی پی کشمیر ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، رینج ڈی آئی جیز ، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ یہ میٹنگ آپریشنل تیاری ، سیکیورٹی حکمت عملیوں اور کشمیر ڈویژن میں پرامن ماحول یقینی بنانے کیلئے مستقبل کے ایکشن پلانز پر مرکوز تھی ۔ لفٹینٹ گورنر نے حکام کو دہشت گرد ماڈیولز کے خلاف مسلسل اور جارحانہ کارروائی کا حکم دیا ۔ انہوں نے انفلٹریشن کے خلاف گرڈز کو مزید مضبوط بنانے اور ضلعی انتظامیہ ، جموں و کشمیر پولیس ، فوج اور سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے درمیان دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں مکمل ہم آہنگی پیدا کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ انتظامیہ کے اندر موجود اینٹی نیشنل عناصر پر گہری نظر رکھیں اور ریڈیکلائزیشن کے خلاف کوششوں کو ترجیح دیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے نارکو دہشت گردوں اور دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ایکو سسٹم کی املاک کی منسلکی کے حوالے سے ماہانہ جائزوں کا بھی حکم دیا ۔ انہوں نے کہا کہ نارکو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی بلا توقف جاری رہنی چاہئیے اور منشیات کے سمگلرز و فروخت کنندگان پر بے رحمانہ کریک ڈاؤن جاری رکھنا چاہئیے تا کہ منشیات سے پاک جموں و کشمیر کا وژن حقیقت بن سکے ۔ عوامی شکایات کے فوری حل پر زور دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ شہریوں ، پولیس اور انتظامیہ کے درمیان مضبوط رابطہ قائم کرنا انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ کسی بھی حالت میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قانون و نظم کی صورتحال خراب ہونے نہیں دی جانی چاہئیے ۔ ہمیں بہترین طریقوں کو ادارہ جاتی بنانا اور ضلعی کنور جنس منصوبوں پر عمل درآمد کرنا چاہئیے تا کہ پائیدار امن اور ترقی یقینی بنائی جا سکے ۔ ‘‘ انہوں نے ضلعی سطح پر سوشل میڈیا سیلز قائم کرنے کی ہدایت دی تا کہ غلط معلومات کا فوری مقابلہ کیا جا سکے ۔ موسم سرما کے پیش نظر لفٹینٹ گورنر نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ضروری اشیاء کا مناسب ذخیرہ اور دستیابی یقینی بنائی جائے اور برف ہٹانے کے مضبوط انتظامات کئے جائیں ۔










