سری نگر//ریگل لین کے متصل آبی گزر بنڈ کے قریب واقع LICبلڈنگ میں دوران شب آگ کی ایک واردات میں کتابوں کے ایک دکان کوبھاری نقصان پہنچا ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق پیر اورمنگل کی درمیانی رات تقریباً ایک بجے ایل آئی سی بلڈنگ نزدیک خدمت کمپلیکس واقع آبی گزر بنڈ سری نگرمیں آگ نمودار ہوئی ۔ذرائع نے بتایاکہ آگ ایل آئی سی بلڈنگ کی زمین منزل میں واقع ممتابک شاپ نامی کتابوں کی دکان نمبر14میں نمودار ہوئی ۔آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ کوٹھی باغ کی ایک ٹیم اورمحکمہ فائراینڈ ایمرجنسی سروسزکے اہلکار گاڑی لیکر یہاں پہنچے ۔پولیس کی نگرانی میں روبہ عمل لائی گئی اس کارروائی کے نتیجے میں کتابوںکے دکان میں لگی آگ پر قابو پالیاگیا۔عینی شاہدین نے بتایاکہ اگرپولیس اورفائراینڈسروسزکے اہلکار بروقت کارروائی عمل میں نہ لاتے تویہ آگ پوری عمارت میں پھیل کر بڑے نقصان کاموجب بن سکتی ہے ۔انہوںنے پولیس اور فائراینڈ ایمرجنسی سروسزکے رول کی سراہناکی ۔انہوںنے کہاکہ آگ بجھانے کی کارروائی کافی وقت تک جاری رہی ۔ادھر ممتا بک شاپ کے مالک نے بتایاکہ دوران شب دکان میں لگی آگ کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کی کتابوںکا اسٹاک راکھ میں تبدیل ہوگیا۔انہوںنے کہاکہ آگ کی اس خطرناک واردات کے نتیجے میں لاکھوں روپے کانقصان ہوا ہے۔










