پولیس پاکستانی معاونت والی دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار

عید میلاد النبیﷺ اور دیگر آئندہ تقریبات

ڈی جی پی جموں و کشمیر نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

سرینگر//یو این ایس / ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں و کشمیر نلن پربھات، آئی پی ایس نے پولیس کنٹرول روم کشمیر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئندہ عید میلاد النبیﷺ اور دیگر تقریبات کے سلسلے میں جموں و کشمیر بھر میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور انہیں مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دی۔اجلاس میں اسپیشل ڈی جی پی کوآرڈینیشن جموں و کشمیر، آئی جی پی کشمیر زون، آئی جی پی جموں زون، تمام رینج ڈی آئی جیز، جموں و کشمیر کے تمام اضلاع کے ایس ایس پیز و پولیس ڈسٹرکٹ سربراہان، ایس ایس پی پی سی آر کشمیر، اے آئی جی (کرائم اینڈ انٹیلی جنس) پولیس ہیڈکوارٹرز سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکورٹی تیاریوں، اہلکاروں کی تعیناتی، ہجوم کو منظم کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ تمام تقریبات پرامن، محفوظ اور خوش اسلوبی سے منعقد ہو سکیں۔ڈی جی پی نلن پربھات نے افسران پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ چوکسی، پیشگی پولیسنگ اور فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنائیں، بالخصوص اہم زیارت گاہوں، مساجد اور دیگر مذہبی مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔درگاہ حضرت بل سمیت دیگر اہم مذہبی مقامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی گئی، جہاں رات بھر عبادت اور بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ افسران کو ہدایت دی گئی کہ ان مقامات پر مناسب سیکورٹی تعیناتی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے تمام فیلڈ یونٹس کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا ڈی جی پی نے حساس اور کمزور مقامات پر نگرانی مزید مضبوط بنانے اور اہم و زیادہ آمدورفت والے علاقوں میں مؤثر سیکورٹی تعیناتی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے اہم مذہبی مقامات اور جلوسوں کے راستوں کے اطراف مؤثر ٹریفک انتظام اور روٹ مینجمنٹ کے منصوبے پہلے سے تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ عقیدت مندوں کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔اجلاس میں رکشا بندھن کے سلسلے میں بھی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی نے افسران کو بازاروں اور مندروں میں پیشگی سیکورٹی اور ٹریفک انتظامات یقینی بنانے کے علاوہ اہم مذہبی مقامات پر سیکورٹی اور نگرانی مزید بڑھانے کی ہدایت دی۔اجلاس کے اختتام پر ڈی جی پی جموں و کشمیر نے واضح کیا کہ آئندہ تمام تقریبات کے پرامن، محفوظ اور پْرسکون انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات پہلے ہی مکمل کیے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔