سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقعے پر دلی مُبارک باد پیش کی ۔ یہ دِن حضرت محمد مصطفی ﷺکی ولادتِ باسعادت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔اُنہوں نے اَپنے مبارک بادی کے پیغام میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات پوری اِنسانیت کے لئے امن، ہمدردی، مساوات، رواداری اور بھائی چارے کی ایک لازوال مینار ہے۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان اعلیٰ اقدار کو اَپنی روزمرہ زندگی میں اَپنائیں اور ایک پُر امن ،ہم آہنگ، جامع اور ہمدرد معاشرے کی تعمیر کے لئے اَپنا کردار اَدا کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا، ’’عید میلاد النبی ﷺ ہمیں نبی کریم ﷺ کے اس لازوال پیغام کی یاد دِلاتی ہے جو ہمدردی، رواداری اور اِنسانیت کی خدمت پر مبنی ہے۔ آئیے ہم اس نیک راہ پر چلنے کے لئے خود کو وقف کریں اور معاشرے کے تمام طبقوں میں اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔‘‘اُنہوںنے جموں و کشمیر کے لوگوں کے امن، خوشحالی اور بہبود کے لئے بھی دُعا کی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ مُبارک اور بابرکت موقع پورے خطے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، باہمی افہام و تفہیم اور خدمتِ خلق کے مشترکہ جذبے کومزید تقویت بخشے گا۔










