Eco.Parkبارہمولہ مقامی سیلانیوں کیلئے سیروتفریح کا پسندیدہ ترین مقام

عیدالاضحی کے موقعہ پر امکان سے کم لوگوں کی آمد،جہلم پر موجود جھولنے والے فٹ برج کی خستہ حالی وجہ

بارہمولہ// بارہمولہ کے مضافات میں دریائے جہلم کے کنارے قائم Eco-Parkشمالی کشمیرمیں سیروتفریح کے شوقین لوگوں بشمول خواتین وبچوں نیز نوجوانوں کا ایک پسندیدہ مقام بن چکاہے ،تاہم اس پارک تک پہنچنے کیلئے جہلم پر بنائے گئے جھولنے والے فٹ برج کی خستہ حالی کی وجہ سے امسال عیدالاضحی کے موقعہ پر امکان سے کافی کم لوگ یہاں آئے ۔جے کے این ایس کوذرائع نے بتایاکہ عام دنوںمیں ایکوپارک شیری خادنیاربارہمولہ میں اوسطاً200سے300لوگ آتے ہیں جبکہ اتوار کویہاں آنے والے سیلانیوںکی تعداد500سے600تک ہوتی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ ایکو پارک تک پہنچنے کااصل راستہ اولڈ ٹائون بارہمولہ سے براستہ درنگ بل جاتاہے لیکن اکثر وبیشتر لوگ بارہمولہ ،اوڑی روڑ سے یہاں پہنچتے ہیں ،اور اپنی گاڑیوں کو اس شاہراہ کے کنارے پر پارک کردیتے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ جھولنے والے فٹ برج کی حالت کئی مہینوں سے اسقدر خراب ہوگئی ہے کہ اس کو عبورکرتے وقت بچے اورخواتین ڈرمحسوس کرتے ہیں ،اوریہی وجہ ہے کہ حالیہ کچھ وقت سے یہاںآنے والے مقامی سیلانیوں ،جو بارہمولہ کے علاوہ علاقہ رفیع آباد ،کنڈی بارہمولہ ،ناروائو ،اوراوڑی سے بھی یہاں سیروتفریح کیلئے آتے تھے ،اُن کی آمد میں کمی آئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ دریائے جہلم پربنایا گیایہ فٹ برج صرف ایکو پارک تک پہنچنے کاذریعہ نہیں ،بلکہ اسی پُل سے خادنیار اور دیگر کچھ علاقوں کے رہائشی بھی آتے جاتے رہتے ہیں ۔ذرائع نے انکشاف کیاکہ عیدالاضحی کے تین دنوں کے دوران تقریباً ایک ہزارسے1200افراد بشمول مردوزن اور بچے ونوجوان یہاں کچھ وقت گزارنے کیلئے آئے ،جبکہ عید پر ہزاروںسیلانیوںکے یہاں آنے کاامکان تھا ۔ذرائع نے بتایاکہ خستہ حال فٹ برج کی مرمت کیلئے محکمہ آراینڈبی بارہمولہ سے کئی مرتبہ رابطہ کیاگیاتاہم متعلقہ محکمے نے آج تک اس پُل کی مرمت میں کوئی دلچسپی نہیں لی جبکہ یہ فٹ برج کسی بھی کسی المناک حادثے کاموجب بن سکتاہے ۔عید کے دنوںمیں اپنے بیوی بچوں کیساتھ سیروتفریح کیلئے ایکو پارک جانے والے ایک شخص نے بتایاکہ پارک جاتے وقت اوروہاں سے واپس نکلتے وقت میری اہلیہ اور کمسن بیٹے کوفٹ برج پر چلتے ڈر لگا،اور میں نے دونوںکے ہاتھ پکڑ کر اُنھیں پُل عبور کرایا۔انہوںنے بتایاکہ ایکو پارک بارہمولہ اہل خانہ کیساتھ سیروتفریح کیلئے جانے کی ایک اچھی جگہ ہے ،اوروہاں کی فضاء بھی اچھی ہے لیکن ایک تو فٹ برج اور دوسرا پارک کی حدودمیں بدنظمی کی وجہ سے شریف لوگ اپنے اہل خانہ کیساتھ وہاں زیادہ وقت گزار نہیں سکتے ہیں ۔اس دوران معلوم ہواکہ بارہمولہ اوڑی روڑ کی جانب سے ایکو پارک تک ایک کیبل کار نصب کیاگیا ہے لیکن یہاں سے عام لوگ بالخصوص بچے اورخواتین ایکو پارک تک نہیں جاسکتے ہیں ۔دریں اثناء سرکاری ذرائع نے بتایاکہ محکمہ آراینڈبی ڈویژن بارہمولہ کی جانب سے ایکو پارک تک پہنچنے کیلئے جہلم پر موجود خستہ حال فٹ برج کی مرمت کاکام عنقریب شروع ہورہاہے اوراس سلسلے میں متعلقہ محکمے نے ضروری کام کی منظوری اورالاٹمنٹ کردی ہے ۔