بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ظاہر
سرینگر/وی او آئی//وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے آخر میں بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق سرینگر میں پیر کی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات کے منفی 1.9 ڈگری سے کم ہے۔ جنوبی کشمیر کے شوپیاں قصبے میں سب سے زیادہ سردی ریکارڈ ہوئی جہاں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ گیٹ وے قصبہ قاضی گنڈ میں منفی 2.4 ڈگری، شمالی کشمیر کے کپوارہ میں منفی 3.1 ڈگری، جبکہ جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔ پہلگام میں منفی 2.2 ڈگری اور گلمرگ میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم بدھ تک خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم جمعرات کی رات اور جمعہ کی صبح بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔ اتوار کی شب زوجیلا پاس کے قریب تازہ برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔ مزید بتایا گیا کہ 6 اور 7 دسمبر کو موسم عمومی طور پر خشک رہے گا، تاہم 8 دسمبر کو بالائی علاقوں میں ایک اور مختصر برفباری کا امکان ہے۔










