لیفٹیننٹ گورنر نے کشمیر میراتھن۔2025 کے فاتحین کو انعامات سے نوازا

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہانے سری نگر میں کشمیر میراتھن۔2025کے فاتحین کو انعامات سے نوازا۔محکمہ سیاحت کی طر ف سے فُل اور ہاف مراتھن بالترتیب 42اور 21کلومیٹر منعقد کی گئی جس میں 27 ریاستوں، یونین ٹیریٹریوںاور 11 غیر ملکی ممالک سے تعلق رکھنے والے 1100 دوڑنے والوں نے اِ س میگا بین الاقوامی ایونٹ میں حصہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے شرکأ ، میراتھن کے شوقین نوجوانوں اور حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1100 دوڑنے والوں کا بڑھتا ہوا جذبہ میراتھن انہیں متحد کرنے اور مشترکہ تجربات کے ذریعے بھائی چارے کو مضبوط کرنے کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔اُنہوں نے کہا،’’صرف دو برس کے اندر کشمیر میراتھن ملک کے سب سے باوقار رننگ ٹورنامنٹس میں سے ایک بن گیا ہے ۔ اس نے لوگوںمیں فخر اور جذبے کا احساس پیدا کیا ہے اور نوجوانوںکو دوڑنے کے لئے متاثر کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ مستقبل قریب میں کشمیر میراتھن میں دِلچسپی اور شرکت مزید بڑھے گی اور یہ ہمارے سیاحتی شعبے کے لئے ایک بڑا اِقتصادی اہم ثابت ہوگی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کشمیر میراتھن کی اہمیت اور 2019 کے بعد جموں و کشمیر کی اہم تبدیلی کو اُجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی شرکأ کو بتایا کہ یہ مثبت تبدیلی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ممکن ہوئی ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’جموں و کشمیر ہندوستان کا تاج ہے جس کی تاریخ و ثقافت نہایت شاندار ہے۔ یہ قدرتی خوبصورتی، اِنسانیت،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اَمن کی سرزمین ہے۔ میں وزیر اعظم نریندر مودی کا شکر گزار ہوں کہ اُن کی قیادت میں یہاں تاریخی تبدیلیاں عمل میں آئیں جنہوں نے جموں و کشمیر کو روحانیت اور جدیدیت کا حسین امتزاج بنا کر مضبوط عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے کا راستہ دکھایا۔‘‘منوج سِنہانے جموں و کشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کشمیر میراتھن مواقع سے فائدہ اُٹھائیں تاکہ دُنیا کو جموںوکشمیر یوٹی کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا،’’آئیے اِس بین الاقوامی تقریب کو اَپنے قیمتی ثقافتی ورثے، فنون لطیفہ، دست کاری اور منفرد روایات کی نمائش کے لئے اِستعمال کریں۔ اِس شاندار ایونٹ کو تبدیلی اور ہماری کامیابیوں کو اُجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ بنائیں۔ آئیے اِس موقعے سے فائدہ اُٹھا کر اَپنی دست کاری، ہینڈلوم اور سیاحتی شعبے کو عالمی سطح پر نمایاں کریں۔‘‘تقریب میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر آشیش چندر ورما،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، ڈِی آئی جی سینٹرل کشمیر رینج راجیو پانڈے، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اَکشے لابرو اور سول و پولیس اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران موجود تھے۔اِس موقعہ پرمعروف فلم اَداکار سنیل شیٹھی،نامور شہریوں ، کھلاڑیوں اور نوجوانوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔