سرینگر//قانون سازوں کے ایک وفد نے وزیر جل شکتی مسٹر جاوید احمد رانا سے سول سیکرٹریٹ سرینگر میں ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے حلقوں سے متعلق عوامی اہمیت کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیر سے ملاقات کرنے والے قانون سازوں میں سجاد شفیع اوڑی ، جاوید اقبال چودھری ، ظفر علی کھٹانہ ، سلمان ساگر اور شبیر احمد کلے شامل تھے ۔ ملاقات کے دوران قانون سازوں نے پانی کی فراہمی کے انفراسٹرکچر کی توسیع اور مضبوطی سے متعلق متعدد مسائل اٹھائے ۔ انہوں نے پینے کے صاف پانی کی سہولیات کی بہتری اور دیگر متعلقہ امور کی ضرورت پر زور دیا جو عوام کو قابل اعتماد اور منصفانہ پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ہیں ۔ وزیر نے قانون سازوں کی بات کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ تمام جائیز مطالبات اور ترقیاتی خدشات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے جل شکتی ڈیپارٹمنٹ کے چیف انجینئرز ، سپرنٹنڈنگ انجینئرز ( ایس ایز ) اور ایگزیکٹو انجینئرز ( ایس ای اینز ) کو ہدایت دی کہ وہ قانون سازوں کے ساتھ قریبی رابطہ اور باقاعدہ رابطہ کاری برقرار رکھیں تا کہ عوامی شکایات کا موثر اور بروقت ازالہ کیا جا سکے ۔ مسٹر رانا نے زور دیا کہ جل شکتی ڈیپارٹمنٹ جموں و کشمیر کی تمام آبادیوں میں پائیدار اور قابلِ اعتماد پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ جاری منصوبوں کو تیز کرنے اور فیلڈ لیول کے چیلنجز کو حل کرنے میں فعال رویہ اپنائیں ۔










