وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر میں تیسری جونیئر ایشین پینکاک سلات چمپئن شپ کا اِفتتاح کیا

وزیر اعلیٰ نے سری نگر میں اِس چمپئن شپ کی میزبانی اور نوجوانوں کی اِس کھیل میں دِلچسپی کو سراہا

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شیرکشمیر اِنڈور سپورٹس کمپلیکس سری نگر میں 2025 کی تیسری جونیئر ایشین پینکاک سِلات چمپین شپ کا باقاعدہ اِفتتاح کیا۔یہ چمپئن شپ 25 سے 30 ؍ستمبر 2025 ء تک جاری رہے گی جس میں 11 ممالک کے نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور یہ جموں و کشمیر میں کھیل اور ثقافتی تبادلے کا ایک شاندار مظاہرہ ہے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا اس تیزی سے مقبول ہونے والے مارشل آرٹ ’’ پینکاک سلات‘‘سے پہلا باضابطہ تعارف ہے جس نے گزشتہ دس برسوں میں جموں و کشمیر میں نمایاں ترقی کی ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’مجھے بتایا گیا ہے کہ یہ کھیل جموں و کشمیر کے 20 میں سے 19 اَضلاع میں کھیلا جا رہا ہے۔ میری خواہش ہے کہ اسے باقی ایک ضلع میں بھی متعارف کیا جائے تاکہ پورے جموں و کشمیر میں یہ کھیل کھیلا جا سکے۔‘‘وزیر اعلیٰ نے اِس کھیل جامع جذبے کی سراہناکرتے ہوئے کہا کہ پینکاک سلات لڑکوں اور لڑکیوں دونوں میں یکساں مقبول ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ کھیل ہمیں نظم و ضبط اور اپنے حریف کا احترام سکھاتا ہے۔ آپ کا حریف آپ کا دشمن نہیں بلکہ صرف مد مقابل ہے۔ یہی حقیقی کھیل کی روح ہے۔‘‘عمر عبداللہ نے ہندوستان اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے کھلاڑیوں اور وفود کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا،’’ہمیں آپ کی میزبانی کرنے اور سری نگر کو اس باوقار چمپئن شپ کے لئے جگہ کے طور پر منتخب کرنے پر بہت فخر ہے اور مجھے اُمید ہے کہ آپ نہ صرف اس مقابلے سے لطف اندوز ہوں گے بلکہ اس جگہ کی یادیں بھی اپنے ساتھ لے جائیںگے۔‘‘ اِس موقعہ پر حصہ لینے والی ٹیموں کی مارچ پاسٹ، جموں و کشمیر کی ثقافتی پرفارمنس اور کھلاڑیوں کی جانب سے پینکاک سِلات کا مظاہرہ پیش کیا گیا جس سے حاضرین محظوظ ہوئے۔ اِفتتاحی تقریب میں وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما،رُکن قانون ساز اسمبلی لال چوک شیخ احسان احمد (پردیسی)، سیکرٹری جموںوکشمیرسپورٹس کونسل نزہت گل، کوچز، حکام اور حصہ لینے والے ممالک کے کھلاڑی موجود تھے۔