آئی آر پی دسویں بٹالین نے سوک ایکشن پروگرام کے تحت مٹن میں کھیلو ں کا اِنعقاد کیا

آئی آر پی دسویں بٹالین نے سوک ایکشن پروگرام کے تحت مٹن میں کھیلو ں کا اِنعقاد کیا

اننت ناگ// آئی آر پی دسویںبٹالین نے جاری سوک ایکشن پروگرام کے تحت گورنمنٹ ہائی سکول کھیری بل مٹن میں ایک کھوکھو ٹورنامنٹ کا اِنعقاد کیا۔ اِس ٹورنامنٹ میں مٹن زون اننت ناگ کے سات سکولوں کے لڑکوں اور لڑکیوں کے زُمرے پر مشتمل آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا جن میں گورنمنٹ ہائی سکول کھیری بل، گورنمنٹ ہائی سکول سیر، ہائی سکول اَکاد، ہائی سکول گوپال پورہ، ہائی سکول سالیہ، ہائیر سیکنڈری سکول سیر، اور ہائی سکول فُوہر شامل ہیں۔لڑکوں کے زُمرے میں گورنمنٹ ہائی سکول گوپال پورہ فاتح قرار پایا جسے 5,000روپے نقد انعام اور ٹرافی دی گئی جبکہ رَنر اَپ ٹیم کو 3,000روپے نقد انعام اور ٹرافی سے نوازا گیا۔اِسی طرح لڑکیوں کے زُمرے میں گورنمنٹ ہائی سکول کھیری بل نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور 5,000روپے نقد انعام کے ساتھ ٹرافی حاصل کی جبکہ رَنر اَپ ٹیم گورنمنٹ ہائی سکول اکاد کو 3,000روپے نقد انعام اور ٹرافی دی گئی۔اِس کے علاوہ تمام شرکأمیں میڈلز اور شرکت کے اسناد بھی تقسیم کئے گئے۔اِس موقعہ پر کمانڈنٹ آئی آر پی دسویں بٹالین راجندر کٹوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب جموں و کشمیر پولیس کی عوامی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کے اِستعمال اوردیگر نقصان دہ طریقوں سے پرہیز کریں، تعلیم پر توجہ دیں اور اَپنا مستقبل روشن بنائیں۔ گزشتہ روز آئی آر پی 10ویں بٹالین نے ڈی وائی ایس ایس او اننت ناگ کے اِشتراک سے والی بال ٹورنامنٹ کا فائنل بھی سیوک ایکشن پروگرام کے تحت سپورٹس گراؤنڈ ٹِک باغ مٹن میں منعقد کیا۔ٹورنامنٹ میں اننت ناگ کُل آٹھ سکولوں کے ٹیموں نے حصہ لیا جن میں جی ایچ ایس ایس مٹن، جی ایچ ایس ایس وانپوہ، جی ایچ ایس ایس ڈیتھو، جی ایچ ایس ایس چترگُل، جی ایچ ایس ایس وائی کے پورہ، جی ایچ ایس ایس ویسو، جی ایچ ایس ایس ڈیلگام اور جی ایچ ایس ایس برک پورہ شامل تھے۔فائنل میچ جی ایچ ایس ایس وانپوہ اور جی ایچ ایس ایس مٹن کے درمیان سپورٹس گرائونڈ ٹِک باغ میں کھیلا گیا جس میں جی ایچ ایس ایس وانپوہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3۔1 سے جیت حاصل کی۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیئرمین اننت ناگ چودھری محمد یوسف مہمان خصوصی تھے۔ اِس کے علاوہ کمانڈنٹ آئی آر پی دسویں بٹالین راجندر کٹوچ، ڈپٹی کمانڈنٹ فہد ٹاک، ڈی وائی سی او امتیاز احمد، زیڈ پی ای او مٹن، ایس ایچ او مٹن، صدور اوقاف کمیٹی مٹن و اکورہ اور دیگر معزز ممبران نے بھی ٹورنامنٹ کا مشاہدہ کیا۔جیتنے والی ٹیم کو 15,000روپے نقد انعام سے نوازا گیا جبکہ رَنر اَپ ٹیم کو 7,000روپے نقد انعام دیا گیا۔اِس کے علاوہ دونوں ٹیموں کو ٹرافیاں بھی پیش کی گئیں۔اِس کے علاوہ تمام کھلاڑیوں میں کھیلوں کے کٹس، یونیفارم کٹس، ٹریک سوٹ، ٹی شرٹس،توصیفی اسناداور میڈلز بھی تقسیم کئے گئے۔اِن کھیلوں کے مقابلوں کا مقصد طلبأکو کھیلوں میں بھرپور شرکت کی ترغیب دینا، صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو منشیات اور دیگر سماج دشمن سرگرمیوں سے دور رکھنا ہے۔