سکینہ اِیتو نے سری نگر میں بلڈ ڈونیشن اور ویلنس کیمپ میں شرکت کی

نوجوانوں سے اِس بے لوث کام میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل

سری نگر//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج خون کے عطیہ کی مہمات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ایک لائف لائنہے جو ہنگامی حالات، طبی عمل اورآفاتِ سماوی کے دوران بے شمار جانیں بچا سکتی ہیں۔وزیر موصوفہ نے اِن باتوں کا اِظہار آج گندن سٹیڈیم راج باغ میں منعقدہ ایک بلڈ ڈونیشن اور ویلنس کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ کیمپ ٹیم ریڈ این جی او نے جموں و کشمیر سپورٹس کونسل (جے کے ایس سی) اور ایس کے آئی ایم ایس صورہ کے اِشتراک سے منعقد کیا تھا۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی،رُکن قانون ساز اسمبلی لال چوک شیخ احسان پردیسی، سیکرٹری سپورٹس کونسل، صحت شعبے سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور اَفراد، ٹیم ریڈ کے ممبران اور بڑی تعداد میں نوجوان موجود تھے۔وزیر صحت نے اَپنے خطاب میں خون کے باقاعدہ عطیات کی مہمات کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہمات نازک اہم حالات اور اَوقات میں زِندگی بچانے کے لئے نہایت ضروری ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ رضاکارانہ خون عطیہ نہ صرف ایک عظیم اِنسان دوست عمل ہے بلکہ ایک شہری فریضہ بھی ہے جو صحت کے نظام کو مضبوط بناتا ہے۔اُنہوں نے عوامی بیداری میں اضافے کی فوری ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے اِنفرادی اَفراد، کارپوریٹ اِداروں اور کمیونٹی تنظیموں سے پر زور دیا کہ وہ اِس طرح کی مہمات میںبڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور انہیں فروغ دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وادی کی ہر جگہ میں اِس طرح کی مہمات کا اِنعقاد کیا جانا چاہیے جس میں تعلیمی اِداروں کو ضلعی اور بلاک سطح پر شامل کیا جائے۔وزیر موصوفہ نے کہا،’’عطیہ کر دہ خون کا ہر یونٹ کسی نازک حالت میں موجود مریض کی زِندگی اور موت کے درمیان فرق پید ا کر سکتاہے۔‘‘اُنہوں نے شہریوںبالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس بے لوث خدمت کے لئے آگے آئیں۔ وزیر سکینہ اِیتو نے صحت سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اِس طرح کی کوششوں کی مکمل مدد کریں گے اور اُن تمام اَفراد کو سہولیات فراہم کریں گے جو اِن نیک کاموں کے لئے آگے آتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ گراس روٹ سطح پر طبی سہولیات کو مستحکم کرنا عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی ترجیح ہے اور حالیہ مہینوں میں حکومت نے بلاک اور ضلع سطح پر طبی سہولیات کو مزید بہتر کیا ہے۔اُنہوںنے اس بلڈ ڈونیشن اور ویلنس کیمپ کے منتظمین کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے سب پر زور دیا کہ ایک صحت مند اور ذمہ دار معاشرے کی تعمیر کے لئے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔