جاوید رانا نے جنگلات کے تحفظی اَقدامات پر زور دیا

جاوید رانا نے جنگلات کے تحفظی اَقدامات پر زور دیا

جموں//وزیر برائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا نے جموں میں ایک جائزہ میٹنگ طلب کی تاکہ جموں کے ماحولیاتی چیلنجوں اور جنگلات و تحفظ سے متعلق اہم اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ میٹنگ میں فارسٹ کنزرویٹروں اور ڈویژنل فارسٹ اَفسران نے شرکت کی ۔میٹنگ میں صوبہ جموں میں جنگلات کی بگڑتی صورتحال، حیاتیاتی تنوع میں کمی اور آلودگی کے مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیر موصوف نے خطے میں جنگلات کے تحفظ کے لئے سخت اقدامات پر زور دیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ سخت نگرانی اور کنٹرول کے طریقہ کار کو اِختیار کریں۔اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ جنگلات اور آبی ذخائر کے نزدیک علاقوں میں آلودگی کی سطح کی کڑی نگرانی کی جائے۔دورانِ میٹنگ چناب ویلی، ریاسی، اور اُودھمپور کے پہاڑی علاقوں میں مٹی کے کٹاؤ اور لینڈ سلائیڈنگ کے مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔اَفسران نے جاری شجرکاری اور ڈھلوانوں کو مستحکم کرنے کے منصوبوں سے وزیر کو آگاہ کیاجن پر وزیر موصوف نے سائنسی منصوبہ بندی اور جیو ٹیکنیکل ماہرین کے ساتھ بہتر تال میل پر زور دیا۔وزیر جاوید رانانے کیمپا اور دیگر شجرکاری سکیموں کے تحت پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور پودوں کی بقأ کی شرح اور مقامی کمیونٹی کی شمولیت کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے مقامی اداروں اور رضاکاروں کی جنگلاتی مہمات اور بیداری پروگراموں میں بڑھتی ہوئی شراکت کو سراہا۔ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کو دیرپاترقی کے لئے ایک اہم موقعہ قرار دیا گیا اور واضح ہدایت دی گئی کہ تمام سیاحتی کوششوں میں قدرتی مسکن کا تحفظ اور مقامی لوگوں کی شمولیت لازمی ہو۔وزیر موصوف نے نوجوانوں میں ماحولیاتی بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے سکولوں، دیہاتوں میں بیداری پروگراموں اور ’’ون متر‘‘ اور غیر سرکاری تنظیموں کی ماحولیاتی تعلیم اور مقامی مدد کو متحرک کرنے میں کاوشوں کو سراہا۔وزیر جاوید احمد رانا نے مضبوط بین محکمہ جاتی تال میل پر زور دیتے ہوئے دیہی ترقی، سیاحت، تعمیراتِ عامہ، پولیوشن کنٹرول بورڈ اور شہری بلدیاتی اداروں سے ماحولیاتی مسائل کے جامع حل کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔