دفاع، سمندری سلامتی سمیت اہم شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال
سرینگر/ سی این آئی // وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمہوریہ کوریا کے خصوصی ایلچیوں کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت سابق وزیر اعظم کم بو کیوم کر رہے تھے۔ اس ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے معیشت، ٹیکنالوجی، دفاع، سمندری سلامتی، اور لوگوں کے تبادلے سمیت اہم شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔سی این آئی کے مطابق وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے آفیشل ایکس اکائونٹ پر میٹنگ کی تفصیلات شیئر کیں۔ انہوں نے لکھا ’’جنوبی کوریا کے سابق وزیراعظم کم بو کیوم کی قیادت میں ہندوستان کے خصوصی ایلچی کے وفد سے صبح دہلی میں ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ اقتصادی، ٹیکنالوجی، دفاع اور سمندری تعاون پر تبادلہ خیال کیا‘‘۔ نیز لوگوں کے درمیان تبادلے کو وسعت دینے پر تبالہ خیالات ہوا۔ یہ میٹنگ گرین ہائیڈروجن، جہاز سازی، سرمایہ کاری، سیمی کنڈکٹرز، اور علاقائی سلامتی جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے دونوں اطراف کی نئی کوششوں کے درمیان ہوئی ہے، خاص طور پر ہندبحرالکاہل میں۔ اس سے قبل جنوبی کوریا میں ہندوستانی سفیر امیت کمار نے بھی ہندوستان کے دورے سے قبل کم بو کیوم سے ملاقات کی تھی۔ جنوبی کوریا کے وفد میں نمائندہ لی کائی ہو اور ڈیموکریٹک پارٹی آف کوریا کی سپریم کونسل کے رکن سونگ سن ہو شامل تھے۔ بات چیت کے دوران، دونوں فریقوں نے کثیر جہتی خصوصی اسٹریٹجک پارٹنرشپ پر تبادلہ خیال کیا اور امن، خوشحالی اور علاقائی روابط جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے مواقع تلاش کئے۔ یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی اور جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کے درمیان گزشتہ ماہ کینیڈا میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے بعد بھی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے تجارت، سرمایہ کاری، سبز توانائی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔










