عارف شفیع خانیاری کوآرڈینیٹر اور جموں و کشمیر چیپٹر کا سربراہ مقرر
سرینگر/وی او آئی// دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرک وہیکلریلی، “بھارت مہا ای وی ریلی” کے افتتاحی موقع پر، انٹرنیشنل فیڈریشن آف الیکٹرک وہیکل ایسوسی ایشنز نے الوینیا انرجیز 369 پرائیویٹ لمیٹڈ کے بانی اور سی ای او عارف شفیع خانیاری کو ہندوستان میں الیکٹرک گاڑیوں اور پائیدار توانائی کے شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا۔ہنس راج کالج، دہلی یونیورسٹی میں منعقدہ اس تقریب میں، مسٹر خانیاری کو باضابطہ طور پر بھارت مہا ای وی ریلی کا کوآرڈینیٹر اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف الیکٹرک وہیکل ایسوسی ایشنز کے جموں و کشمیر چیپٹر کا صدر مقرر کیا گیا۔اس اہم موقع پر نجی ای وی اداروں اور سرکاری محکموں کے رہنما موجود تھے۔ تقریب کا افتتاح دہلی حکومت کے جنگلات و ماحولیات، خوراک و رسد اور صنعت کے وزیر، منجندر سنگھ سرسا نے کیا۔ وزیر سرسا نے اس تقریب کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے ہندوستان میں گرین موبلٹی کے وڑن کو آگے بڑھانے میں ایک سنگ میل قرار دیا انٹرنیشنل فیڈریشن آف الیکٹرک وہیکل ایسوسی ایشنز کے چیئرمین ڈاکٹر شیلیندر سروج نے عارف شفیع خانیاری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “عارف شفیع خانیاری اس مشن کے لیے بے مثال جذبہ اور اسٹریٹجک بصیرت رکھتے ہیں۔ توانائی کے شعبے میں ان کی اختراعی مہارت انہیں بھارت مہا ای وی ریلی کے لیے مثالی کوآرڈینیٹر اور جموں و کشمیر چیپٹر کے لیے سب سے موزوں رہنما بناتی ہے۔ ہمیں ان کی تقرری پر فخر ہے۔”انٹرنیشنل فیڈریشن آف الیکٹرک وہیکل ایسوسی ایشنز کے صدر ڈاکٹر راجیو مشرا نے مزید کہا: “عارف کی قیادت میں، ہمارا ہدف صرف ای وی کے امکانات کو اجاگر کرنا ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں ماحولیاتی بیداری کو فروغ دینا بھی ہے۔ ان کی لگن مختلف تنظیموں اور برادریوں کو صاف اور پائیدار نقل و حمل کی طرف راغب کرے گی۔”اس اعزاز پر اپنی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے، عارف شفیع خانیاری نے کہا: “میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف الیکٹرک وہیکل ایسوسی ایشنز کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے ریلی کوآرڈینیٹر اور جموں و کشمیر چیپٹر کا صدر منتخب کیا۔ یہ صرف ایک ذمہ داری نہیں بلکہ جموں و کشمیر اور پورے ملک میں ای وی کو اپنانے اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے کا ایک موقع ہے۔










