جموں وکشمیر میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف زیرو ٹالرنس اَپنایا جائے۔ نائب وزیراعلیٰ کی اَفسران کو ہدایت

جموں وکشمیر میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف زیرو ٹالرنس اَپنایا جائے۔ نائب وزیراعلیٰ کی اَفسران کو ہدایت

سری نگر// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے جموں و کشمیر میں غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی کے لئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج سول سیکرٹریٹ سری نگر میں محکمہ جیالوجی و مائننگ کی ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے قدرتی معدنی وسائل کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کریں اور ایسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی کو یقینی بنائیں۔ میٹنگ کے شروعات میں اُنہوں نے ضلعی مائننگ اَفسران (ڈِی ایم اوز) کو تمام معدنی وسائل پر مکمل کنٹرول سنبھالنے، مؤثر نگرانی اور زمینی سطح پر چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔نائب وزیر اعلیٰ نے عوامی بنیادی ڈھانچے کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام فعال مائننگ بلاکوں کی کڑی نگرانی کریں تاکہ پلوں، سڑکوں اور پانی کی فراہمی کی سکیموں جیسے اہم بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔اُنہوں نے کہا،’’اگر کسی بلاک سے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کی لائسنس فوراً منسوخ کی جائے اور ذمہ دار کمپنیوں پر جُرمانہ عائد کیا جائے۔‘‘
نائب وزیرا علیٰ نے محکمہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ معدنی وسائل کی نیلامی کا عمل موجودہ قوانین و ضوابط کے مطابق جلد اَز جلد مکمل کیا جائے اور مرکزی و ریاستی سطح کے مائننگ ایکٹ اور رولز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔میٹنگ میں چونا پتھر، گرینائٹ، نیلم، جپسم، لیتھیم، اور کوئلے جیسے اہم معدنیات کی تلاش اور نکالنے کی صورتحال پر تفصیلی پرزنٹیشن دی گئی۔ اِفسران نے بتایا کہ اَب تک 36 بڑے اور 233 چھوٹے معدنیات کے لیز جاری کئے جا چکے ہیں۔ٍ نائب وزیرا علیٰ نے نفاذ کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ہدایت دی کہ ضلعی سطح پر کثیر محکمانہ ٹاسک فورسز، فلائنگ سکارڈ،اِنفارمینٹ نیٹ ورکس، چیک پوائنٹس اور اِی۔چالاننگ سسٹم پر مشتمل مضبوط نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔اُنہوں نے مائننگ سیکٹر کی صلاحیت کو اُجاگر کرتے ہوئے معدنیات پر مبنی صنعتوں کے فروغ پر زور دیا تاکہ روزگار کے مواقع اور آمدنی میں اِضافہ ہو۔اُنہیں جانکاری دی گئی کہ مالی برس 2024-25 ء کے دوران غیر قانونی کان کنی اورٹرانسپورٹیشن میں ملوث گاڑیوں و مشینری کے کمپاؤنڈنگ سے محکمہ نے 16.79 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی اور کل 6,219 ضبطگیاں ریکارڈ کی گئیں۔مزید بتایا گیا کہ اسی عرصے میں محکمہ نے کل 150.49 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی جبکہ مالی برس 2025-26 ء میں صرف جپسم کان کنی سے 438 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری انیل کمار سنگھ، ڈائریکٹر سورج پرکاش رکوال، ایم ڈِی جے کے ایل ایم پون کمار، سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر ثریا فاطمہ ٹاک، ڈی ایم اوز اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔