سکینہ اِیتو نے جی ڈِی سی پلوامہ میں نیٹ کے کامیاب طلباء،دسویں اور بارہویں جماعت کے ہونہار طلبأ کو مُبارک باد دی

سکینہ اِیتو نے جی ڈِی سی پلوامہ میں نیٹ کے کامیاب طلباء،دسویں اور بارہویں جماعت کے ہونہار طلبأ کو مُبارک باد دی

نوجوانوں کو مناسب مواقع اوررہنمائی فراہم کرنے پر زور

پلوامہ// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے پلوامہ کا دورہ کیا اور گورنمنٹ ڈِگری کالج (جی ڈِی سی) پلوامہ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران ضلع پلوامہ کے مختلف سرکاری اداروں کے نیٹ کے کامیاب طلباء ،دسویں اور بارہویں جماعت کے ہونہار طلبأ کو مبارک باد دی۔ اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی پانپور جسٹس (ر) حسنین مسعودی، ممبر اسمبلی ترال رفیق احمد نائیک، ممبر قانون ساز اسمبلی زینہ پورہ شوکت حسین گنائی، پرنسپل جی ڈِی سی پلوامہ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کشمیر، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر و امیونائزیشن، ڈائریکٹر آیوش اور ضلعی و تعلیمی محکموں کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔وزیر موصوفہ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے طلباء کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اُنہوں نے مشکل حالات کے باوجود نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ اُنہوں نے کہا،’’آپ تبدیلی کے علمبردار ہیں اور آپ کی کامیابیاں نہ صرف آپ کے لئے بلکہ پورے علاقے کے لئے ایک روشن مستقبل کی نوید ہیں ۔‘‘اُنہوں نے تعلیم کو ایک مضبوط اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علم کے حصول کو ایک مقصد کے ساتھ اَپنائیں اور اپنی کمیونٹی کی خدمت خلوص نیت سے کریں۔اِس موقعہ پر سکینہ ایتو نے والدین اور اَساتذہ کی بھی سراہنا کی جنہوں نے طلباء کی تعلیمی جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے لئے صحیح مواقع، رہنمائی اور وسائل فراہم کئے جانے چاہئیں۔اس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے سی پی ڈبلیوز میں ریگولرائزیشن کے آرڈر بھی تقسیم کئے۔