ورزش دانتوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت

ورزش دانتوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت

اگرچہ متعدد تحقیق سے ثابت ہوچکا ہے کہ ورزش (ایکسرسائز) انسانی صحت اور جسم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔
تاہم اب نئی تحقیق سے یہ بات بھی معلوم ہوئی ہے کہ روزانہ تھوڑی سی ورزش اور مچھلی کا تیل (اومیگا-3) دانتوں کو اندرونی بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔
طبی ویب سائٹ کے مطابق ماہرین کی جانب سے ایک تحقیق کی گئی، جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ورزش اور اومیگا-3 کو ایک ساتھ اپنانے سے دانت کی جڑ میں ہونے والے ایک خطرناک انفیکشن سے بچا جاسکتا ہے۔ دانتوں میں کیڑا لگ جائے اور اگر اس کا بروقت علاج نہ کیا جائے، تو انفیکشن دانت کی جڑ تک پہنچ جاتا ہے، اس بیماری کی وجہ سے نہ صرف دانت کمزور ہوجاتا ہے بلکہ اردگرد کی ہڈی بھی خراب ہوسکتی ہے۔ تحقیق کے دوران چوہوں پر تجربہ کیا گیا، جنہیں تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا، پہلے گروپ کا کوئی علاج نہیں کیا گیا، دوسرے گروپ کو روزانہ ورزش (تیراکی) کروائی گئی، جب کہ تیسرے گروپ کو ورزش کے ساتھ ساتھ مچھلی کا تیل (اومیگا-3) بھی دیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جن چوہوں نے صرف ورزش کی، اُن میں سوزش کم تھی، لیکن جن چوہوں کو ورزش کے ساتھ اومیگا-3 دیا گیا، اُن میں دانت کی جڑ کا انفیکشن بہت حد تک کم ہوگیا، ہڈی کا نقصان بھی کم ہوا اور انفیکشن کے خلاف لڑنے والے خلیوں نے بہتر طریقے سے کام کیا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اگر روزانہ تھوڑی سی ورزش کی جائے، جیسے چہل قدمی، جاگنگ یا سائیکل چلانا اور اپنی خوراک میں اومیگا-3 شامل کیا جائے، تو نہ صرف جسم کی قوتِ مدافعت بہتر ہوسکتی ہے بلکہ دانتوں کی اندرونی بیماریوں سے بھی محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ خیال رہے کہ یہ تحقیق فی الحال جانوروں پر کی گئی ہے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ جلد ہی انسانوں پر بھی تجربات کیے جائیں گے، اگر یہی نتائج انسانوں میں بھی سامنے آئے تو یہ دانتوں کی بیماریوں کے علاج میں ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

کیٹاگری میں : صحت