بزرگوں اور بچوں کو غیر ضروری طور پر سردی میں باہر نکلنے کی اجازت نہ دی جائے / ڈاکٹر نوید نظیر
سرینگر / این این بی // موسم سرما میں سردیا ں بڑھنے کے ساتھ ہی ماہرین نے فالج، دل کا دورہ اور سینے کے انفیکشن کا خطرہ بڑھنے کا عندیہ دیتے ہوئے بزرگوں اور بچوں کو غیر ضروری طور پر سردی میں باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی سینے کی بیماریوں، دل کے امراض اور فالج جیسی اعصابی بیماریوں کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہوجاتا ہے۔ درجہ حرارت میں کمی اور ہوا میں نمی کی سطح گھٹنے کے باعث جسم کا مقامی مدافعتی نظام کمزور پڑسکتا ہے، جس سے مختلف اقسام کے انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ معروف ماہر امراض تنفس پروفیسر ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں درجہ حرارت میں اچانک تبدیلی اور سرد ہواو ¿ں کے باعث انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ خصوصاً پہلے سے سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد، بزرگوں اور کم عمر بچوں کو اس موسم میں زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہوتی ہے، کیونکہ ان کا مدافعتی نظام نسبتاً کمزور ہونے کے باعث وہ مختلف انفیکشن کا آسانی سے شکار ہوسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دائمی رکاوٹی پھیپھڑوں کی بیماری (COPD) اور دمہ کے مریضوں کو موسم کی تبدیلی کے دوران سانس لینے میں دشواری، کھانسی اور دیگر پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ایسے مریضوں میں سرد موسم کے دوران بیماری کی علامات شدت اختیار کرسکتی ہیں، جس کے نتیجے میں اچانک طبی حملے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ڈاکٹر شاہ نے عوام کو مشورہ دیا کہ شدید سردی کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو سرد ہوا کے براہِ راست اثرات سے محفوظ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی ضروری کام کے سلسلے میں باہر جانا پڑے تو منہ اور ناک کو مناسب طریقے سے ڈھانپ کر رکھیں، تاکہ سرد ہوا کے براہِ راست اثرات کو کم کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ گرم لباس کا استعمال بھی سردی سے بچاو ¿ میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے دمہ اور سی او پی ڈی کے مریضوں کو خصوصی طور پر مشورہ دیا کہ وہ سردیوں کی آمد سے قبل اپنے معالج سے سالانہ طبی معائنہ کروائیں، تاکہ ان کے علاج اور ادویات کا بروقت جائزہ لیا جاسکے اور بیماری کے اچانک شدت اختیار کرنے کے امکانات کم ہوں۔غذائیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے کہا کہ موسم سرما میں بھی متوازن غذا کا استعمال انتہائی ضروری ہے۔ لوگوں کو اپنی روزمرہ خوراک میں کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، چکنائی، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس کی مناسب مقدار شامل کرنی چاہیے، تاکہ جسم کو درکار غذائی اجزائ فراہم ہوسکیں اور مدافعتی نظام بہتر انداز میں کام کرسکے۔انہوں نے کہا کہ سردیوں میں اکثر لوگ پانی پینے کی مقدار کم کردیتے ہیں، جو صحت کے لیے مناسب نہیں ہے۔ موسم کوئی بھی ہو، جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق مناسب پانی پینے سے جسم کے قدرتی مدافعتی نظام کو بہتر انداز میں کام کرنے میں مدد ملتی ہے۔ڈاکٹر شاہ نے کہا کہ زیادہ خطرے سے دوچار افراد کے لیے ویکسینیشن خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ایسے افراد موسم سرما شروع ہونے سے قبل انفلوئنزا ویکسین لگوائیں، جس سے فلو اور اس سے متعلقہ وائرل انفیکشن کے خطرات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے نمونیا سے بچاو ¿ کے لیے نیوموکوکل ویکسین کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ ویکسین سنگین اور جان لیوا نمونیا کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ بالخصوص بزرگوں اور دیگر ہائی رسک مریضوں کو اپنے معالج کے مشورے سے مناسب ویکسینیشن کروانی چاہیے۔صبح کی سیر کے حوالے سے ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے کہا کہ واک کرنا مجموعی صحت کے لیے انتہائی مفید سرگرمی ہے، تاہم موسم سرما میں صبح کے اوقات میں سردی کی شدت زیادہ ہوتی ہے، اس لیے لوگوں کو سیر کے لیے ایسے وقت کا انتخاب کرنا چاہیے جب باہر کا درجہ حرارت نسبتاً بہتر ہو۔انہوں نے کہا کہ سیر کے دوران منہ اور ناک کو ڈھانپ کر رکھنا ضروری ہے، تاکہ سرد ہوا کے براہِ راست اثرات سے بچا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں میں فضائی آلودگی کی سطح اور ایئر کوالٹی انڈیکس بھی خراب ہوسکتا ہے، اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ وہ زیادہ تر ورزش اور جسمانی سرگرمیاں گھر کے اندر انجام دیں۔ ان کے مطابق فضائی آلودگی اور شدید سردی کے پیش نظر انڈور ورزش بیرونی سرگرمیوں کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور مفید ثابت ہوسکتی ہے۔ڈاکٹر شاہ نے خود سے ادویات استعمال کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نزلہ، زکام، کھانسی اور فلو کی علامات ظاہر ہونے پر بعض لوگ بغیر طبی معائنے کے اینٹی بایوٹکس، نزلہ زکام کی ادویات اور کھانسی کے شربت بیک وقت استعمال کرنا شروع کردیتے ہیں، جو طویل مدت میں صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سردیوں میں ہونے والے زیادہ تر عام انفیکشن وائرل نوعیت کے ہوتے ہیں، جن کے علاج میں اینٹی بایوٹکس کا کوئی مو ¿ثر کردار نہیں ہوتا۔ ایسی صورتحال میں علامات کے مطابق پیراسیٹامول، کھانسی کے شربت یا اینٹی الرجک ادویات کی ضرورت ہوسکتی ہے، تاہم ان کا استعمال بھی طبی مشورے کے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ ڈاکٹر کے معائنے اور مشورے کے بغیر غیر ضروری ادویات استعمال نہ کریں، کیونکہ اس سے جسم پر مضر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور مستقبل میں صحت سے متعلق پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خطرہ بھی رہتا ہے۔آخر میں ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے لوگوں پر زور دیا کہ موسم سرما کے دوران اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں، متوازن غذا استعمال کریں، مناسب مقدار میں پانی پئیں، ویکسینیشن کے حوالے سے معالج سے مشورہ کریں اور سردی سے بچاو ¿ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تاکہ اس موسم میں مختلف بیماریوں اور طبی پیچیدگیوں سے محفوظ رہا جاسکے۔










