محکموں کو منصوبوں کی تکمیل میں تیز ی لانے اور ترغیب پر مبنی اجزأ کے تحت زیادہ سے زیادہ رقومات کے تصرف پر زو ردیا
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ریاستوں کو سرمایہ کاری کے لئے خصوصی اِمداد کی سکیم (ایس اے ایس سی آئی) کے تحت شروع کئے گئے کاموں اور منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں مالی و طبعی کارکردگی، فنڈز کے اِستعمال اور آنے والے مالی سال کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔جائزہ میں مالی سال 2025-26 کے دوران شروع کئے گئے منصوبوں کی طبعی اور مالی پیش رفت، فنڈز کی دستیابی اور مالی سال 2026-27 کے اخراجات کے اہداف کے علاوہ مالی سال 2027-28 کے دوران منصوبوں کی مؤثر عمل آوری کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کا احاطہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے اہم شعبوں بشمول تعمیراتِ عامہ، جل شکتی، امور نوجوان و کھیل کود، پاور ڈیولپمنٹ اورمکانات و شہری ترقی میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمپوننٹ پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا جس کا مقصد آفات کے اثرات میں کمی اور لچک کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ آفات سماوی میں تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی ہے۔میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری؛ وزرأ علی محمد ساگر، جاوید رانا، جاوید ڈار، میر سیف اللہ اور شمیم فردوس، قائم مقام چیف سیکرٹری شیلندر کمار،وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا،اِنتظامی سیکرٹریوں، محکموں کے سربراہان، محکمہ خزانہ کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر اعلیٰ نے ایس اے ایس سی آئی پارٹ وَن کے کاموں میں تیزی لانے اور دوسری قسط کے لئے کوالیفائی کرنے کے لئے مارچ 2027 ء تک منظور شدہ فنڈز کے مکمل اِستعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے ایس اے ایس سی آئی 2025-26 کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے کمپوننٹ کے تحت کاموں کی تکمیل کے لئے نظرثانی شدہ ڈیڈلائن پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا اورمحکموں کو مقررہ مدت کے اندر مقررہ مالی اہداف حاصل کرنے کی ہدایت دِی۔اُنہوں نے مالی نظم و ضبط اور شفافیت پر زور دیتے ہوئے پبلک فائنانشل مینجمنٹ سسٹم (پی ایف ایم ایس) پر اَپ لوڈ کی سختی سے تعمیل اور بیمز( بی اِی اے ایم ایس) پر ایکشن پلان بروقت جمع کرنے کی ہدایت دِی۔ اُنہوں نے مرکزی معاونت والی سکیموں سے متعلق تمام سنگل نوڈل ایجنسی (ایس این اے) بینک کھاتوں کو بند کرنے کی بھی ہدایت دی۔نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے ’انٹر منسٹریل سینٹرل ٹیم( آئی ایم سی ٹی) کے متوقع دورے کے پیش نظر متعلقہ محکموں سے کہا گیا ہے کہ وہ سیکٹر وارنقصانات کی جامع رپورٹس تیار کر یںتاکہ جائزے کے عمل میں آسانی ہو۔وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت دِی کہ وہ مارچ 2027 تک ایسے منصوبوں کی ایک ٹھوس فہرست تیار کریں جو کسی بھی قسم کی رکاوٹوں یا قانونی الجھنوں سے پاک ہوں تاکہ مالی سال 2027-28 کے دوران ٹینڈرنگ کا عمل بروقت مکمل ہو سکے اور کام کی انجام دہی بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔ اُنہوں نے پیشگی منصوبہ بندی اور محکموں کے مابین قریبی باہمی رابطے پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اگلے سال کا ’ایس اے ایس سی آئی‘ منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کیا جائے۔میٹنگ کو مالی سال 2025-26 کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے جانکاری دِی گئی کہ غیر مشروط فنڈز، مرکزی معاونت والی سکیموں (سی ایس ایس) کے حصص، ترغیب پر مبنی مختص رقوم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے کمپوننٹس پر مشتمل کل 5,166.46 کروڑ روپے کی مختص رقم کے مقابلے میں 3,367.64 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔میٹنگ کو یہ بھی بتایا گیا کہ سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی (ایس اِی سی) نے سماجی، بنیادی ڈھانچے، پیداواری اور کثیر شعبہ جاتی شعبوں میں آفات کے بعد ضروریات کے جائزے (پی ڈِی این اے) کے لئے 1,416 کروڑ روپے منظور کئے ہیں جبکہ’ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اَتھارٹی( این ڈِی ایم اے )‘کی حد 1,534.58 کروڑ روپے ہے۔ اس میں سے 424.79 کروڑ روپے کی رقم فوری طور پر جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔مالی سال 2026-27 کے لئے ایس اے ایس سی آئی حصہ اوّل کے غیر مشروط فنڈز کے تحت 811 کروڑ روپے دستیاب ہیں ۔اس میں 541 کروڑ روپے رواں سال کی وصولیاں ہیںجبکہ 270 کروڑ روپے گزشتہ مالی سال سے غیر استعمال شدہ رقم ہے۔ دوسری قسط حاصل کرنے کے لئے محکموں کو 608 کروڑ روپے خرچ کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔حصہ دوم کے تحت جس کا تعلق مرکزی معاونت والی سکیموں سے ہے، جموں و کشمیر کو 116 کروڑ روپے موصول ہوئے ہیں۔ یہ رقم جموں و کشمیر سے منسلک 10 بڑی سکیموں کے لئے طلب کی گئی 176 کروڑ روپے کی ’ایس اے ایس سی آئی‘ قرض امداد کا 66 فیصد بنتی ہے۔میٹنگ میں جموں و کشمیر انتظامیہ کی ان کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا جن کا مقصد مالی سال 2026-27 کے لئے دستیاب 2,890.51 کروڑ روپے کے ترغیب پر مبنی فنڈنگ پول سے فائدہ اٹھانا ہے، جو گورننس اصلاحات، بہتر مالی انتظام اور شعبہ جاتی کارکردگی کے معیارات سے منسلک ہے۔ ڈیجیٹل پبلک اِنفراسٹرکچر فار ایگری کلچر اقدام(ایگری سٹیک) کے تحت اہم پیش رفت رپورٹ کی گئی جس میں 7.59 لاکھ کسان شناختی کارڈ جاری کئے گئے جو ہدف کا 59 فیصد ہے۔ ڈیجیٹل کراپ سروے (ڈِی سی ایس) کو 5,714گائوں میں مکمل کیا گیاہے جس میں ہدف کا 83.3 فیصد اور 30.27 لاکھ سے زیادہ اراضی کا احاطہ کیا گیا ہے۔میٹنگ کو جانکاری دِی گئی کہ ایگری سٹیک سے منسلک کھادوں کی کسان شناختی کارڈ کے ذریعے پائلٹ تقسیم 5 نومبر 2026 کو جموں اور سری نگر کے اضلاع میں شروع کی گئی جو ٹیکنالوجی پر مبنی زرعی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اور قدم ہے۔میٹنگ میں دیگر ترغیب سے منسلک اصلاحاتی شعبوں کے تحت پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیاجن میں کان کنی کی اصلاحات (ہدف 350 کروڑ روپے)، مویشی شعبے کی اصلاحات (150 کروڑ روپے)، مالی انتظام میں کارکردگی (400 کروڑ روپے)، رائٹ آف وے (آر او ڈبلیو) قواعد کا نفاذ (50 کروڑ روپے) اور سرمایہ جاتی اخراجات کے اہداف کا حصول (218 کروڑ روپے) شامل ہیں۔ ان شعبوں میں تجاویز یا تو جمع کی جا چکی ہیں یا تصدیق کے مختلف مراحل میں ہیں۔دوران میٹنگ وزرأ نے بھی اپنی آرأ اور تجاویز پیش کیں اور اپنے متعلقہ محکموں سے متعلق اہم ترجیحات اور مسائل کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے ایس اے ایس سی آئی سے مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں کی عمل آوری کو تیز کرنے اور دستیاب وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنانے کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔










