18نومبر کو نامزدگی کی جانچ پڑتال، 20 نومبر تک امیدوار نام واپس لے سکیں گے
سرینگر / / این این بی // لداخ میں جمہوری انتخابی عمل کے تحت لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات کے لیے ریاستی الیکشن کمیشن نے باضابطہ شیڈول جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق انتخابات 4 دسمبر کو ہوں گے اور 17 نومبر تک نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق لداخ میں جمہوری انتخابی عمل کے تحت لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات کے لیے ریاستی الیکشن کمیشن نے باضابطہ شیڈول جاری کردیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام متعلقہ پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات کے لیے پولنگ 4 دسمبر کو منعقد ہوگی، جبکہ پورا انتخابی عمل 8 دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔ریاستی الیکشن کمیشن لداخ کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ نوٹیفکیشن میں انتخابات کے مختلف مراحل اور امیدواروں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے، جانچ پڑتال اور نام واپس لینے کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق انتخاب لڑنے کے خواہشمند امیدوار 17 نومبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرسکیں گے۔ اس کے بعد 18 نومبر کو جمع کرائے گئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جس کے دوران امیدواروں کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات اور انتخابی قواعد کے مطابق ان کی اہلیت کا جائزہ لیا جائے گا۔کمیشن کے مطابق امیدواروں کو 20 نومبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی اجازت ہوگی۔ اس تاریخ کے بعد انتخابی میدان میں موجود امیدواروں کی حتمی صورتحال واضح ہوجائے گی اور انتخابات کی تیاریوں کو اگلے مرحلے میں آگے بڑھایا جائے گا۔سٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق اگر ضرورت پیش آئی تو 4 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ منعقد کی جائے گی۔ اس دوران متعلقہ انتخابی حلقوں کے ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کے نمائندوں کے انتخاب میں حصہ لیں گے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ انتخابات سے متعلق تمام قانونی اور انتظامی کارروائیاں 8 دسمبر تک مکمل کرلی جائیں گی۔ اس طرح کمیشن نے نامزدگیوں کے مرحلے سے لے کر پولنگ اور انتخابی عمل کی تکمیل تک تمام اہم تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔الیکشن کمشنر س ±دھانشو پانڈے نے 10 نومبر کو مذکورہ نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے ذریعے لداخ کی تمام خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات کے لیے باضابطہ انتخابی شیڈول کا اعلان کیا گیا۔










