مائرہ مندریاں(جموں)//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی ستیش شرما نے ایک کلیدی بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا اور چھمب اسمبلی حلقہ میں متعدد مقامات پر سرکاری عمارتوں، واٹر کولر کی سہولیات کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے پی ایچ سی مائرہ مندریاں کے احاطے میں ایک نئے بلاک پبلک ہیلتھ یونٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھاجس پر تخمیناً 45 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ یہ یونٹ نہ صرف مائرہ مندریاں بلکہ ضلع ریاسی کے قریبی علاقوں کی بڑھتی ہوئی صحت کی ضروریات کو پورا کرے گا۔وزیرموصوف نے دیہی ترقیاتی محکمہ کی طرف سے تعمیر کردہ 9.76 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے ایک کمیونٹی ہال کا اِفتتاح کنڈی پنچایت میں دُور اُفتادہ گاؤں گودھن میں کیا ۔ اِس کے بعد جی ایم ایس پیان میں ایک اور اِفتتاح کیا گیا جس میں 22.94 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت کے ساتھ ڈِسٹرکٹ کیپکس بجٹ کے تحت 3 اے سی آر کے ساتھ نئی سکول عمارت کی تعمیر شامل تھی۔اُنہوں نے مائرہ مندریاں بس سٹینڈ، ٹچرواں، ناردی پنچایت اور گورنمنٹ آیورویدک کالج اَکھنور میں عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے واٹر کولروں کی تنصیب کا بھی اِفتتاح کیا۔ ان تنصیبات کا مقصد مسافروں، طلباء اور عام شہریوں کے لئے بنیادی ضروریات کو بہتر بنانا ہے۔ستیش شرما نے اَپنی عوامی روابط مہم کے تحت پنچایت گودھن، پیان اور پی ایچ سی مائرہ مندریاں میں بڑے عوامی اِجتماعات سے خطاب کیا اور مقامی لوگوں کے مسائل اور تجاویز کو بغور سنا۔ اُنہوں نے کھوگا موڑ، گورنمنٹ آیورویدک کالج اور مائرہ مندریاں بس سٹینڈ پر مختلف عوامی وفود اور سماجی نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور پانی کی فراہمی جیسے اہم مسائل اُٹھائے گئے۔وزیر نے موجود متعلقہ محکموں کے اَفسران کو ہدایت دی کہ عوام کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل پر فوری اور مؤثر کاررِوائی عمل میں لائی جائے بالخصوص ایسے معاملات کے لئے جن پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔وزیر موصوف نے گوردوارہ ناردی بالا میں حاضری دی اور جموں و کشمیر میں امن، اتحاد اور خوشحالی کے لئے دعاکی۔ وزیر ستیش شرما کے ہمراہ مختلف سرکاری محکموں کے ضلعی اور سیکٹورل افسران بھی تھے۔










