بیت المیراث میں ایوننگ تھیٹر سیزن 2 کی پیشکش

جہانگیر فراش کی ہدایت میں’’گڈیا ‘‘اسٹیج ڈرامہ کو حاضرین نے خوب سراہا

سرینگر //ہیلپ فاونڈیشن جے اینڈ کے اور کشمیر کلا منچ کے باہمی تعاون سے شہر خاص کے عالی کدل کے بیت المیراث میں ایوننگ تھیٹر سیزن 2 کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت کشمیر کلامنچ سے وابستہ فنکاروں نے جہانگیر فراش کا لکھا اور ان ہی کی ہدایت میں’ گڈیا’ نام کا اسٹیج ڈرامہ حاضرین کے سامنے پیش کرکے ان سے خوب داد حاصل کی۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق ڈرامے میں جن اداکاروں نے اپنی بہترین اداکاری سے حاضرین کو محظوظ کیا ان میں عارف بٹ، طارق جمیل، جوزیہ میر، جہانگیر فراش، فیاض بٹ، عادل فاروق اور بینش منظور قابلِ ذکر ہیں۔چونکہ آغاز میں کلام پاک کی تلاوت کی گئی جس کی سعادت تنویر احمد کو حاصل ہوئی اور اس کے فوراً بعد نعت شریف بھی پیش کیا گیا۔اس موقع پر ہدایت کار جہانگیر فراش نے کہا کہ سماج میں جسمانی طور معذور افراد میں پائی جانے والی احساس کمتری کو دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ڈرامہ کی کہانی بھی ایک جسمانی طور معذور لڑکی کی زندگی اور اس کی جدوجہد پر مبنی ہے جو مشکلات سے مقابلہ کرکے آگے نکل جاتی ہے۔ جہانگیر فراش نے والدین کے ساتھ ساتھ عام لوگوں سے اپیل کی کہ ہمیں جسمانی طور ناخیز افراد کی مدد کے لئے آگے آنا چاہئے تاکہ یہ لوگ بھی ایک تندرست انسان کی طرح اپنی زندگی بسر کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا یہ ایوننگ تھیٹر سیزن 2 ہم نے جسمانی طور معذور افراد کے نام وقف کیا ہوا تھا اور آج کے اس ایوننگ تھیٹر کے خاص مہمان بھی جسمانی طور ناخیز افراد کی ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید تھے۔اس ڈرامہ کے پس منظر میں جن دیگر فنکاروں نے اپنی صلاحیت سے ڈرامے کو حاضرین تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا ان میں نظیر ہربول،عبدالمجید وانی،حکیم جاوید،محمد یوسف شاہین،حسینہ صوفی،شیخ پرویز، ریاض کاچرو اور فیاض صوفی قابلِ ذکر ہیں۔اس موقع پر ابرار احمد،واضح رہے کہ یہ ایوننگ تھیٹر سیزن 2 کی بارھویں کڑی تھی اور اس ایوننگ تھیٹر کا مقصد سمماج میں پھیل رہی برائیوں کا وقت پر سدباب کرنا اور عام انسان کو ان برائیوں سے بچنے کی ترکیب دینے کے علاوہ وادی میں ماڈرن تھیٹر کو فروغ دینا ہے۔ اختتام پر حکیم جاوید اور عبدالمجید وانی نے تمام ڈرامہ شائقین، حاضرین اور ہیلپ فاونڈیشن کی چئیر پرسن نگہت شفیع کا بھی شکریہ ادا کیا۔