سیاحوں، ٹریکروں اور مسافروں سے انتظامی اور ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی
سرینگر // وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کرنے سے پوری وادی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ پہلگام ، سونہ مرگ اور دیگر سیاحتی مقامات پر رات کا درجہ منفی میں ریکارڈ کیا گیا ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں تک کشمیر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس عرصے کے دوران مطلع ابروآلود رہنے کا بھی امکان ہے۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں جاری شدید سردی کی لہر کے بیچ خطہ لداخ کے قصبہ کرگل میں گزشتہ رات رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس کے دوران یہاں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجمادسے کئی ڈگری نیچے ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق کشمیر جموں اور لداخ خطوں میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس عرصے کے دوران مطلع ابر و آلود رہ سکتا ہے۔ خشک موسمی صورتحال کے چلتے کشمیر اور لداخ کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں خشک موسم جاری رہے گا اور 24 نومبر کو ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ’’18 سے 23 نومبر کی شام تک جموں و کشمیر میں عام طور پر خشک موسم کی توقع ہے۔ 23 نومبر کی دیر رات سے 24 نومبر کی دوپہر کے دوران، کشمیر صوبے میں کچھ ایک مقامات اور جموں صوبے کے الگ تھلگ علاقوں میں اونچائی پر ہلکی بارش اور ہلکی برف باری کا امکان ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ 25 سے 30 نومبر تک، عام طور پر موسم خشک رہے گا۔ ‘‘ محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ اگلے پانچ دنوں کے دوران کشمیر صوبے کے بہت سے علاقوں اور جموں صوبوں میں کچھ مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔ انہوں نے سیاحوں، ٹریکروں اور مسافروں سے انتظامی اور ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں برف باری کا خطرہ ہے۔ادھر وادی کشمیر میں سردیوں کے ایام کے دوران بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگ مشکلات سے دو چار ہے جبکہ سردی سے بچنے کیلئے اہلیان کشمیر نے گرم ملبوسات زیر تن کرنا شروع کر دیا ہے اور سردی سے بچنے کیلئے روایتی اور جدید گرمی کے آلات کا استعمال کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔










