سری نگر// لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہانے ضلع لالپورہ بیروہ بڈگام کا دورہ کر کے جموں و کشمیر پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عاشق حسین قریشی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی جنہوں نے اِس ہفتے کے اوائل میں اننت ناگ میں ایک دہشت گرد انہ حملے کے دوران اَپنی جان قربان کی۔اُنہوں نے بہادر پولیس اہلکار کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور دُکھ کی اِس گھڑی میں ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم کو بہادر عاشق حسین قریشی پر فخر ہے جن کی بہادری،جرأت، قربانی اور فرض کے تئیں لگن ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شہید کے فرض سے محبت اور مادرِ وطن کے احترام کے اعلیٰ نظریات ایک پُر امن اور خوشحال یونین ٹیریٹری کی تعمیر میں آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ بنے رہیں گے۔اُنہوں نے اہلِ خانہ کو یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ ہر مرحلے پر ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی فلاح و بہبود اور وقار کو یقینی بنائے گی۔ اُنہوں نے شہید عاشق حسین قریشی کے بیٹے کی تعلیم مکمل کرنے اور ہمدردانہ سرکاری تقرری کے اہل ہونے تک کنبے کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔اُنہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی کے پورے نیٹ ورک کے خاتمے میں حاصل کی گئی اہم پیش رفت کا اُجاگر کیا اور جموںوکشمیر سے دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شہید کی مادرِ وطن سے محبت، فرض شناسی اور قربانی سے حوصلہ حاصل کریں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد رہیں۔










