جموں//ڈائریکٹر جموں و کشمیر اَنٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ (جے کے اِی ڈِی آئی) راجندر کمار شرما نے جموں و کشمیر کے مشن یوتھ کی تیجسوینی پہل کے تحت رام بن میں 10 روزہ اَنٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ پروگرام (اِی ڈِی پی) کا اِی۔ اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے اِفتتاح کے بعد شرکأسے خطاب کرتے ہوئے کاروباری دُنیا میں کامیابی کے لئے خواتین کو بااِختیار بنانے اور اُنہیں ضروری ہنر اور وسائل فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی میں اَنٹرپرینیورشپ کلچر کو فروغ دینے اور خواتین میں معاشی خود اَنحصاری کو آسان بنانے میں جے کے اِی ڈِی آئی کے کردار کو اُجاگر کیا۔ ڈائریکٹر نے تیجسوینی اَقدام کے سپوٹ اور عزم کے لئے حکومت جموںوکشمیر اور شراکت دار آرگنائزیشنوں سمیت تمام شراکت داروں کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر میں خواتین کو بااِختیار بنانے اور سماجی و اِقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے جے کے اِی ڈِی آئی کے عزم کا اعادہ کیا۔رام بن کے ڈِی اِی سی سی میں 10 دن طویل اِی ڈِی پی کے لئے کل 28 درخواست دہندگان نے اِندراج کیاہے۔ مشن یوتھ کے تحت حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے خود روزگار کی ایک پہل تیجسوینی دی ریڈنٹ ہے جس کا مقصد جموںوکشمیر یوٹی کی خواتین کاروباریوں کو بااِختیار بنانا ہے جو اَنٹرپرینیورشپ اور اِقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں نمایاں پیش رفت کر رہی ہے۔ رام بن میں اِی ڈِی پی کا اِی ۔اِفتتاح جموں و کشمیر میں خواتین میں ممکنہ کاروباری اَفراد کو ضروری تربیت اور صلاحیت سازی کی مہارت فراہم کرنے کے جے کے اِی ڈِی آئی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔اِی ڈِی پی خواہشمند خواتین کاروباری اَفراد کو جامع تربیت اور مدد فراہم کرے گاجس میں کاروباری ترقی کے مختلف پہلوؤں بشمول آئیڈیا جنریشن، بزنس پلاننگ، فائنانشل مینجمنٹ، مارکیٹنگ کی حکمت عملی اور فائنانس تک رَسائی کا اَحاطہ کیا جائے گا ۔ اِی ڈِی پی میں شرکت کرنے والے پیشہ ور اَفراد اور صنعتی ماہرین کی طرف سے فراہم کردہ ماہرانہ رہنمائی سے مستفید ہو ں گے جو اُنہیں کامیاب کاروبار شروع کرنے اور اِنتظام کرنے کے لئے ضروری علم اور مہارتوں سے آراستہ کریں گے۔اِی۔ اِفتتاحی تقریب میں ضلع نوڈل آفیسرجے کے اِی ڈِی آئی رام بن، کورس ٹیم اور رام بن ضلع کی خواہشمند خواتین کاروباریوں نے شرکت کی۔










