گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے آج روز ٹرانزٹ کیمپ منی گام میں شری اَمرناتھ جی یاترا ۔2024 ء کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں مختلف محکموں کی طرف سے کئے جا رہے اِنتظامات پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ یاتریوں کے آسان اور مؤثر تجربے کو یقینی بنایا جاسکے۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے مستقل اور عارضی واش روموں، بجلی کی فراہمی، ٹینٹ ایئریا، پانی کی فراہمی، سائن بورڈوں، عوامی سہولیات اور دیگر ضروری سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے مناسب بستروں اور تمام ضروری سہولیات سے آراستہ اعلیٰ معیار کے خیمے لگانے کی اہمیت پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے بیت الخلأ میں صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے اور واضح سائن بورڈ لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے سنجی( ایس اے این جے وائی) 2024 ء کے اَحسن اِنعقاد کو آسان بنانے کے لئے جگہ کے مؤثر اِستعمال اور مناسب ویسٹ مینجمنٹ پر بھی روشنی ڈالی۔مزید برآں، ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل گاندربل کو ہدایت دی کہ وہ ٹرانزٹ کیمپ کے اندر لگائے جانے والے سائن بورڈوں اور بینروںکے لئے جلد از جلد منصوبہ تیار کرکے پیش کریں۔میونسپل کونسل گاندربل، محکمہ سیاحت اور دیہی ترقی سمیت محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ واش روموں کی بروقت تنصیب کو یقینی بنائیں اور ضروری مرمتی کاموں کو فوری طور پر مکمل کریں۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر مشتاق احمد سمنانی ، اے ایس پی اعجاز احمد، ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل گاندربل، تحصیل دار لار، چیف ایجوکیشن آفیسر، چیف میڈیکل آفیسر، جل شکتی اور آر اینڈ بی کے ایگزیکٹیو انجینئروں، ڈِسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔










