برف پگھلنے کے بعد کنٹرول لائن پر دراندازی کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے لیکن کوئی کوشش کامیاب نہیںہوگی / نتین اگروال
سرینگر // رواں ماہ کے آخر سے شروع ہونی والی سالانہ امرناتھ یاترا کے پر امن انعقاد کیلئے مضبوط سیکورٹی گریڈ قائم کیا جائے گا کی بات کرتے ہوئے سرحدی حفاظتی فورس ( بی ایس ایف ) کے ڈائریکٹر جنرل نتین اگروال نے کہا کہ برف پگھلنے کے ساتھ ہی کنٹرول لائن پر دراندازی کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر دراندازی کی تمام ممکنہ کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہے ۔ سی این آئی کے مطابق ایک انگریزی روزنامہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے سرحدی حفاظتی فورس ( بی ایس ایف ) کے ڈائریکٹر جنرل نتین اگروال نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر سے شروع ہونی والی امرناتھ یاترا کے پُر امن انعقاد کیلئے تمام تر حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور یاترا کیلئے مکمل سیکورٹی گریڈ قائم کیا گیا ہے ۔ڈی جی بی ایس ایف نے کہا کہ بی ایس ایف اس سال پرامن اور ہموار امرناتھ یاترا کو یقینی بنائے گی۔ امرناتھ یاترا انتظامیہ اور پولیس کی نگرانی میں چلائی جا رہی ہے۔ بی ایس ایف نے ضرورت کے مطابق اپنے کردار کیلئے تیاریاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کو اسٹریٹجک اور خطرناک مقامات پر تعینات کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی قدرتی آفت کی صورت میں سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برف پگھلنے سے کنٹرول لائن پر دراندازی کے روایتی راستے کھل سکتے ہیں جس سے دراندازی کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں تاہمبی ایس ایف دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر دراندازی کی تمام ممکنہ کوششوں کو ناکام بنائے گی۔انہوںنے کہا کہ فورس کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے اور منشیات کے خاتمہ ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ سرحدوں پر ڈرون کی بڑھتے واقعات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈرون کی سرگرمیاں بڑھ چکی ہے تاہم بی ایس ایف تمام کوششوں کو ناکام بنا رہا ہے اور ایک منصوبہ بند حکمت عملی کے ساتھ کارروائی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف سرحدوں پر متحرک ہے اور جیسے ہی ڈرون سرگرمیوں کی اطلاعات ملتی ہے تو اس وقت ہی کارورائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔










