Amidst the influx of tourists in the valley, the demand for Shikara is increasing

جموں وکشمیرمیں سیاحوں کی آمد میں اضافے کارجحان

5 ستارہ ہوٹلوں کے لیے زمین کی نشاندہی کرنے کا عمل شروع

سرینگر// سیاحت کے عروج کے درمیان، جموں و کشمیر انتظامیہ نے 5 ستارہ ہوٹلوں کے قیام کے لیے زمین کی نشاندہی کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کی سربراہی میں ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جموں و کشمیر میں سیاحت کی ایک بڑی آمد دیکھی جا رہی ہے۔ مئی کے وسط تک ایک ملین سے زیادہ سیاح بشمول غیر ملکی مہمانوں کی ریکارڈ تعداد نے کشمیر کا دورہ کیا ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ (جی اے ڈی)، نمبر1116جے اینڈ کے جی اے ڈی، مورخہ 30 مئی 2024 کے جاری کردہ حکم کے مطابق، 5ستارہ کے قیام کیلئے زمین کی نشاندہی کے لیے ضلعی سطح کی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی ہے۔ حکم کے مطابق پینل میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر اس کے چیئرمین ہوں گے اور متعلقہ ڈائریکٹر ٹورازم، ڈی ایف او، چیف ٹاؤن پلانر، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور جنرل منیجر ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سینٹر اس کے ممبر ہوں گے۔کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس 5 اسٹار ہوٹلوں کے قیام کے لیے موزوں زمین کی نشاندہی کرنا ہوں گے۔ اس میں ریاستی اراضی، جنگلاتی زمین، نجی زمین وغیرہ شامل ہو سکتی ہے جس میں ممکنہ اور فزیبلٹی کے عوامل پر غور کیا جا سکتا ہے۔حکم کے مطابق پینل ڈویڑنل کمشنر کشمیر، جموں کے ذریعے محکمہ سیاحت کو تجویز پیش کرے گا۔ پینل کو سائٹ کی شناخت کرنی ہوگی اور سیاحتی مقام سے فاصلہ اور روڈ کنیکٹیویٹی بھی تجویز کرنا ہوگی۔محکمہ سیاحت کے عہدیداروں نے کہا کہ سیاحوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر جموں و کشمیر میں 5 اسٹار ہوٹلوں کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم دو کروڑ سے زیادہ سیاحوں کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو معیاری انفراسٹرکچر کی بھی ضرورت ہے۔ اس بار، ہم جنوب مشرقی ایشیائی ممالک سے غیر ملکی مہمانوں کی اچھی آمد کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور انہیں وادی کی قدرتی خوبصورتی سے بڑھ کر بہتر تجربہ فراہم کرنے کے لیے، ہمارے پاس پورے یوٹی میں 5اسٹار ہوٹل ہونے چاہئیں۔محکمہ سیاحت کے ایک اہلکار نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بہت کم 5اسٹار ہوٹل ہیں اور ملک سے غیر ملکی مہمانوں، کاروباری طبقے اور معیاری سیاحوں کی میزبانی کرنے کے لیے، 5ستارہ رہائش اس شعبے کو مزید آگے بڑھانے میں مدد کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ سال کی کامیاب اور پرامن G-20 سربراہی کانفرنس نے بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاحوں کو جموں و کشمیر میں راغب کرنے میں مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم 2.5 کروڑ سے زیادہ سیاحوں کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہوگا۔