اسکول جاتے بچوں کو کشتی میں سوار ہوکر دریا پار کرنے پر ہونا پڑ رہا ہے مجبور، حکام سے مداخلت کی اپیل
سرینگر// جنوبی قصبہ اونتی پورہ میں دریائے جہلم میں دو اہم پلوں پر تعمیراتی کام 17سال مکمل ہونے کے باوجود بھی نامکمل رہنے کے باعث مقامی آبادی میںتشویش کی لہر پائی جارہی ہے ۔ مقامی آبادی نے دونوں پلوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر پلوں کی تعمیر جلد مکمل نہیں ہوئی تو گنڈ بل واقعہ رونما ہو سکتا ہے ۔ سی این آئی کو نمائندے پرویز وانی نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پلوامہ کے ڈوگری پورہ اور ریشی پورہ علاقوں میں دریائے جہلم کو عبور کرنے کیلئے دو اہم پلوںکو تعمیر کرنے کا کام گزشتہ 17سالوں سے جاری ہے اور ابھی تک اس کو مکمل نہیں کیا گیا ہے ۔ میں دریائے جہلم پر دو اہم پلوں کو مکمل کرنے میں طویل تاخیر کی وجہ سے گزشتہ دو دہائیوں سے ایک درجن سے زیادہ دیہات کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں نے نمائندے پرویز وانی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ڈوگری پورہ اور ریشی پورہ پلوں پر کام بالترتیب سا ل 2007 اور 2008 میں شروع ہوا تھا تاہم، دونوں پل مکمل ہونے کے منتظر ہیں، جس سے مقامی لوگوں کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ایک مقامی شہری عبد ل سلام نے بتایا ’’ ڈوگری پورہ میں دریائے جہلم پر پل کی تعمیر نا مکمل رہنے کی وجہ سے روزانہ درجنوں طلباء کو اپنے اسکولوں تک پہنچنے کیلئے دریا عبور کرنے کیلئے کشتیوں کا استعمال کرنا پڑتا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے حالیہ میںدیکھا کہ گنڈ بل سرینگر میں المناک سانحہ پیش آیا او ر ہم نہیںچاہتے ہیں کہ اس طرح کا واقعہ یہاں بھی پیش آئیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ ان پلوں کی تکمیل کے پیچھے غیر معمولی تاخیر کو سمجھنے سے قاصر ہیں اور پلوں کی عدم موجودگی سے علاقے میں گنڈبل جیسے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ایک اور شہر ی شاہد احمد نے کام کی سست رفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پل نہ ہونے کی وجہ سے کئی لوگ کشتیوں پر جہلم عبور کرنے کی کوشش کے دوران حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا’’یہ پل بہت اہم ہیں کیونکہ یہ متعدد دیہاتوں کو پوج ٹینگ ، ستھر، اور 50 سے زیادہ دیہاتوں کو پنجگام ریلوے اسٹیشن سے قومی شاہراہ سے جوڑیں گے۔ایک اور مقامی سہیل احمد نے اعلیٰ حکام کی یقین دہانیوں کے باوجود تعمیر کی سست رفتار پر مایوسی کا اظہار کیا۔جبکہ گزشتہ 17 سالوں میں ضلع میں متعدد پل مکمل ہو چکے ہیں، ڈوگری پورہ اور ریشی پورہ پل نامکمل ہیں، انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی رہائشیوں کو درپیش چیلنجوں کو مزید پیچیدہ بناتی ہے۔مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے جلد از جلد اس معاملے پر غور کرنے کی اپیل کی تاکہ وہ راحت کی سانس لے سکیں۔










