راجوری کے چارحلقوں میں 538 پولنگ پارٹیاں روانہ

راجوری//آج 538 پولنگ پارٹیوں کو پولنگ مواد کے ساتھ راجوری، تھانہ منڈی، نوشہرہ اور بدھل اسمبلی حلقوں جوکہ اننت ناگ ۔ راجوری پارلیمانی حلقہ میں آتی ہیں، کے مختلف پولنگ سٹیشنوں پر روانہ کیا گیا جہاں کل پولنگ ہو رہی ہے ۔سخت حفاظتی اِنتظامات کے درمیان پولنگ عملہ اور دیگر سامان اَپنے متعلقہ ڈسپیچ سینٹروں سے روانہ ہوئے جو کہ راجوری، تھانہ منڈی، نوشہرہ اور بدھل اسمبلی حلقوں میں لوک سبھا اِنتخابات۔ 2024ء کے لئے پولنگ کے عمل میں ایک اہم قدم ہے۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر اوم پرکاش بھگت نے ذاتی طور پر ڈِسپیچ کے عمل کی نگرانی کی۔اُنہوں نے لوک سبھا اِنتخابات 2024 ء کے لئے کئے گئے اِنتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔پولنگ پارٹیوں اور پولنگ مواد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سخت حفاظتی اِنتظامات کئے گئے ہیں۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے کہا کہ مناسب سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی سے پولنگ پارٹیوں کو بغیر کسی رُکاوٹ کے اَپنے فرائض اَنجام دینے کے لئے محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جائے گا۔4 اسمبلی حلقوں میں 3,89,721 رائے دہندگان ہیں جن میں 2,02,809 مرد ، 1,86,905 خواتین اور خواجہ سرا رائے دہندگان شامل ہیں۔ کُل 542 پولنگ سٹیشن میں سے 278 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔دریں اثنأ،ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے نوشہرہ سب ڈویژن میں اِنتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے جامع دورہ کیا۔اُن کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ بابو رام ٹنڈن بھی تھے۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے دورے میں متعدد پولنگ سٹیشنوں کا احاطہ کیا گیا۔ اِس دورے کی نمایاں خصوصیات میں نوشہرہ میں گلابی رنگ کے پولنگ سٹیشن کا معائینہ کرنا تھا جس میں خصوصی طور پر خواتین کا عملہ تعینات ہوگا۔اُنہوںنے اَب تک کی گئی تیاریوں کا بغور جائزہ لیا اور ضلع بھر میں اِنتخابات کے پُرامن، آزادانہ اور منصفانہ اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے انتخابی عملے کو ہدایات دیں۔