driving licence

ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے عمل میں تبدیلی، یکم جون سے نافذ العمل

سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے ضابطوں میں تبدیلی کی ہے

سرینگر//سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ضابطوں میں تبدیلی کی ہے۔وزارت نے اس سلسلے میں جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ نئے قوانین یکم جون سے نافذ العمل ہوں گے۔وائس آف انڈیا کے مطابق نئے قوانین کو آسان بنایا گیا ہے تاکہ لوگوں کو لائسنس کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ نئے قوانین کے تحت لائسنس حاصل کرنے کے لیے آر ٹی او ڈرائیونگ ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہے۔حکومت نے کہا ہے کہ آر ٹی او آفس میں ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کے بجائے اب درخواست دہندگان کو صرف تسلیم شدہ پرائیویٹ ڈرائیونگ اسکولوں میں ہی ٹیسٹ دینا ہوگا۔اگر درخواست دہندہ ان اسکولوں میں ٹیسٹ پاس کرتا ہے تو اسے آر ٹی او میں سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا اور پھر وہ ٹیسٹ دیئے بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے سکیں گے۔وزارت نے کہا ہے کہ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے پر 2000 روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ نابالغوں کے معاملے کو سنگین طور پر قابل سزا قرار دیتے ہوئے، وزارت نے کہا کہ 25,000 روپے کا جرمانہ اور والدین کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ گاڑی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کو منسوخ کیا جائے گا۔