سری نگر / /وائس چیئرپرسن جموں وکشمیر کھادی اینڈ ولیج اِنڈسٹریز بورڈ (کے وی آئی بی) ڈاکٹر حنا شفیع بٹ نے سول سیکرٹریٹ میں وزیر اعظم ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام (پی ایم اِی جی پی) اور دیہی روزگار پیدا کرنے کے پروگرام (جے کے آر ای جی پی) کے تحت عملائی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے بینکرس میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے آغاز میں کھادی اینڈ وِلیج اِنڈسٹریز بورڈ اَفسران نے پی ایم اِی جی پی اور جے کے آر ای جی پی کے تحت کے وِی آئی بی کشمیرڈویژن کی کارکردگی پر تفصیلی پرزنٹیشن دی۔میٹنگ میں قرضوں کے لئے منظور شدہ معاملات ، بینکوں کی طرف سے کیسز کو مسترد کرنے ، زیر اِلتوا معاملات کے علاوہ سکیموں کے تحت کارکردگی کو بڑھانے سمیت متعدد امور پرغور وخوض کیا گیا۔اُنہوں نے اَپنے متعلقہ اَضلاع میں سکیم کی عمل آوری کی صورتحال کے بارے میں ہر متعلقہ آفیسر سے تفصیلی بات چیت کی۔اِس موقعہ پر وائس چیئرپرسن کھادی اینڈ ولیج اِنڈسٹریز بورڈ (کے وی آئی بی) نے خطاب کرتے ہوئے مختلف بینکوں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ غیر سنجیدہ مسائل پر معاملات کو مسترد نہ کریں بلکہ ترجیحی بنیاد پر معاملات کی منظوری دیں۔اِس موقعہ پر وائس چیئرپرسن نے سکیموں کے تحت حاصل کردہ اہداف پر اطمینان کا اِظہار کیا اور بینکروں پر زور دیا کہ وہ کھادی اینڈ ولیج اِنڈسٹریز بورڈ (کے وِی آئی بی) کی طرف سے منظور شدہ معاملات کے زیر اِلتوا ہونے کو کم کرنے کے لئے رہنما اَصولوں پر عمل کریں اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ مستحقین کو سکیموں کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ مسترد ہونے کے معاملات کو مزید کم کیا جاسکے۔اُنہوں نے پی ایم اِی جی پی اور جے کے آر ای جی پی کے تحت سال 2023-24 ء کے لئے کے وِی آئی بی کشمیر ڈویژن کی ضلع وار کارکردگی کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے بینکروں سے یہ بھی کہا کہ وہ اَپنے درخواست دہندگان کے کاروباری یونٹوں کے لئے قرض کے معاملات کی تقسیم کے بارے میں اَپنے متعلقہ بینکوں کے برانچ اَفسران کو حساس بنائیں۔پرائم منسٹرز ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام ایک مرکزی سیکٹرسکیم ہے جس کااِنتظام وزارتِ مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم اَنٹرپرائزز (ایم او ایم ایس ایم اِی) کرتاہے۔ کھادی اینڈ ولیج اِنڈسٹریز بورڈ پی ایم اِی جی پی کے تحت عملانے والی ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔میٹنگ میں یہ بھی جانکاری دی گئی کہ جے کے آر اِی جی پی کریڈٹ سے منسلک سبسڈی پروگرام ہے جس کا مقصد مائیکرو انڈسٹریل سیکٹر میں پیداواری کاروبار کے قیام اور جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے نوجوانوں کی توانائی اور جوش و جذبے کو بروئے کار لاناہے۔










