سرینگر///سری نگر میں سڑکوں کی خستہ حالی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر ٹریڈ الائنس کے ایک وفد نے بدھ کو ڈویڑنل کمشنر،کشمیر وی کے بدھوری سے ملاقات کی، جس میںشہر کی سڑکوں کی مرمت اور انہیں توسیع دینے کے لیے فوری کارروائی پر زور دیا۔ وفد نے کہا کہ خستہ حال سکوں کی وجہ سے تجارت اور کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔کے ٹی اے کی ٹیم نے صدر اعجاز شہدار کی قیادت میں صوبائی کمشنر کے ساتھ شہر میں ترقیاتی کاموں بالخصوص میکڈمائزیشن اور سڑکوں کو چوڑا کرنے کے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی۔کے ٹی اے نے میٹنگ کے بعد ایک بیان میں کہا، “ہم نے سڑکوں کی خستہ حالی کا مسئلہ اٹھایا، جو مسافروں کیلئے مشکلات کا سامان پیدا کرتا ہے اور کاروبار کو بری طرح سے متاثر کر رہا ہے۔ کیونکہ شہر میں ہر جگہ سڑکوں کی حالت خراب ہے۔معاملے کی عجلت کو اجاگر کرتے ہوئے، تاجروں کی تنظیم نے کہا کہ ” صوبائی کمشنر کشمیر نے انہیں یقین دلایا کہ بلیک ٹاپنگ کا کام مئی کے آخر تک شروع ہو جائے گا، اور سڑکوں کو چوڑا کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔تاہم، کے ٹی اے نے سڑک کو چوڑا کرنے کے منصوبوں سے متاثر ہونے والے دکانداروں اور کاروباروں کی مناسب بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔ بیان میں مزید کہا گیا، ’’ہم نے ان (بیدھوری) پر زور دیا کہ سڑک کی چوڑائی کے تحت آنے والے دکانداروں اور کاروباروں کی بھرپور بحالی کی جائے۔‘‘سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے مسائل کے علاوہ، میٹنگ میں تاجر برادری سے متعلق دیگر مختلف امور کا احاطہ کیا گیا۔ کے ٹی اے کے وفد نے ڈویڑنل کمشنر کی جانب سے “مثبت جواب” پر اطمینان کا اظہار کیا۔شہدار کے علاوہ کے ٹی اے کی ٹیم میں سبط علی، تنویر خان، سجاد حیدر، شبیر بٹ ، امتیاز احمد، سجاد دین اور فیاض نداف شامل تھے۔










